سب سے بڑی نحوست

629

بنت ِ حوّا
کسی بھی مشکل میں آج ہر ایک یہ سوچتا ہے کہ کسی کی نظر لگ گئی ہے۔ یہ ذہن بھی ہے کہ نحوست آگئی ہے۔ یہ بھی ہے کہ کسی نے بندش کردی ہے۔ حالانکہ گھروں میں دل ٹوٹے ہوئے ہیں، نحوست کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے۔ سب سے بڑی بے برکتی یہی ہے۔ گھروں میں محبتیں نہیں رہیں، سب سے بڑی بندش تو یہی ہے۔ اس کے ہوتے ہوئے کسی بندش کی کیا ضرورت ہے؟ یہ سب سے بڑی بندش ہے۔
میرے عزیزو! جب سب اکٹھے رہیں گے تو تکلیف بھی آئے گی، اس لیے کہ اللہ جل شانہٗ نے سب کی طبیعت مختلف بنائی ہے۔ بسا اوقات مزاج مختلف ہونے کی وجہ سے ایک کی رائے اور ہوتی ہے اور دوسرے کی رائے اور، جب کہ دونوں ہی صحیح ہوتے ہیں لیکن صرف مزاجوں کی وجہ سے فرق آیا۔ ایک نے کھانا کھایا، اس کی طبیعت کو وہ کھانا اچھا نہیں لگا تو اس نے کہا کہ مجھے پسند نہیں آیا، دوسرے نے کھانا کھایا، اس کی طبیعت کو وہی کھانا اچھا لگا تو اس نے کہا مجھے تو بہت پسند آیا۔ ایک نے کہا کہ پسند آیا اور دوسرے نے کہا کہ پسند نہیں آیا، دونوں ہی اپنی جگہ ٹھیک ہیں۔ اس میں الجھنے کی کیا ضرورت ہے! زندگی میں ایسے بہت سے معاملات درپیش ہوتے ہیں جن میں دونوں پہلو ہی جائز ہوتے ہیں۔ اب اگر وہاں رائے مختلف ہو تو دونوں ہی اپنی اپنی جگہ صحیح ہوتے ہیں، اس لیے کہ انسانی طبیعت کے اختلاف کی وجہ سے یہ دونوں باتیں ممکن ہیں، اور جائز ہونے کی وجہ سے شریعت نے بھی دونوں کی گنجائش رکھی ہے۔ اس لیے یہ انداز درست نہیں ہے کہ دوسرے کی رائے کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے، بلکہ یہ ذہن بنانا چاہیے کہ اللہ جل شانہٗ نے انسانوں کی طبیعت چونکہ مختلف بنائی ہے اس لیے رائے کا اختلاف ہے۔

حصہ