بزم حمد و نعت (اسلام آباد) کا ماہانہ نعتیہ مشاعرہ

999

حافظ نورؔ احمد قادری
دارالحکومت میں قائم نعتیہ ادب کی معروف تنظیم ــ”بزمِ حمدونعت، اسلام آباد”کے زیرِاہتمام197 واں ماہانہ نعتیہ مشاعرہ حسبِ معمول “المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی” کے دفتر میں منعقد ہوا۔ مشاعرے کی صدارت کہنہ مشق بزرگ شاعراوربزمِ شعر و ادب کے صدرجناب علی احمد قمر نے کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کی سعادت عالمی شہرت یافتہ قاریِ قرآن سیّد بزرگ شاہ الازہری نے حاصل کی ۔ نظامت کے فرائض حسبِ دستور ــ”بزمِ حمدونعت، اسلام آباد”کے سیکریٹری حافظ نور احمد قادری نے انجام دئیے۔
مشاعرے کے پہلے دور میں شعراء نے حمدیہ کلام پیش کیا اور خوب داد وصول کی۔ بعد ازاں نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔اِس بابرکت اور پُر کیف محفل میںجن شعرائے کرام کوبارگاہِ رسالتﷺ میں اپنے گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی اُن میںصدرِ مشاعرہ جناب علی احمد قمر، جناب رشید ساقیؔ (صدربزمِ حمدونعت)،الحاج محمد حنیف نازش قادری،سیّد ضیأالدین نعیم،عرش ہاشمی،عبدالقادرتاباں،ندیم ناجد(خانیوال)،عارف قادری (واہ کینٹ)، ڈاکٹر ذولفقارعلی دانش (حسن ابدال) ، حافظ عبدالغفار واجد (کامرہ کینٹ)، احمد محمودالزّماں، اسلم ساگر، قاری سید بزرگ شاہ الازہری،نصرت یاب خان نصرتؔ اورناظمِ مشاعرہ حافظ نورؔ احمد قادری شامل ہیں۔
محفلِ کے اختتام پر “المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی” کے بانی اور سابق وفاقی وزیرحاجی حنیف طیب کے بڑے بھائی حاجی اقبال طیب (مرحوم) اور نامور شاعر نسیم سحر کے برادرِنسبتی (مرحوم)کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی۔ ملک و ملّت کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ یہ محفل اِختتام پذیر ہوئی ۔مشاعرہ میں پیش کیے گئے چند منتخب اشعار:

جس بات میں اُنؐ کا ذکر نہ ہو
جس ذکر میں اُنؐ کی بات نہ ہو
ڈاکٹر ذوالفقارعلی دانش(حسن ابدال)
مصطفیٰؐ کے نام لیواؤں کو اپنے خُلق میں
خاص ہونا چاہیے، ممتاز ہونا چاہیے
عارف قادری(واہ کینٹ)
پلٹ کر دیکھتا ہوں جب تو ہوتا ہے عیاں مجھ پر
جو اُنؐ کے شہر میں گزرے وہی دن چار روشن ہیں
حافظ عبدالغفار واجد(کامرہ کینٹ)
میں ثنائے حضورؐ کرتا ہوں
دل کو اَنوارِ حق سے بھرتا ہوں
احمد محمود الزماں
دیکھ کر نُوری ملائک عرش پر سرکارؐ کو
کہہ اٹھے محبوبؐ ِ رَب میں دلربائی ہے بہت
قاری سیّد بزرگ شاہ الازہری
اِک فقط اُنؐ کو سہارا ہے، وگرنہ نصرتؔ
کیسے ممکن ہے گنہگار ، مدینے آئے
نصرت یاب خان نصرتؔ
حمدِ خدا و نعتِ نبیؐ ، ذکرِ اہلِ بیت
میری کتابِ زیست کے عنوان ہو گئے
اُنؐ کی ثنا کا حق نہ ادا ہو سکا ہُنوز
گرچہ رقم ہزار ہا دیوان ہو گئے
حافظ نور اؔحمد قادری(ناظمِ مشا عرہ)

حصہ