مہرالنساء
بیسن کی کڑی ہو، دال بگھارنی ہو یا کوئی مکس سبزی بنانی ہو۔۔۔ کڑی پتے کی چند پتیاں ایک لاجواب اشتہا انگیز خوشبو دیتی ہیں۔ آپ چاہیں تو اس سے اچار اور چٹنی بھی بناسکتی ہیں اور مسالوں میں خوشبو اور ذائقے کے لیے بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ صرف پاکستان و ہند ہی میں نہیں، چائنیز، انڈونیشین اور رشین سلاد کے علاوہ کئی ڈشز میں بطور جڑی بوٹی (ہرب) کے اس کا پتّاشامل کیا جاتا ہے۔
کڑی پتے کے فوائد:
یہ معدے کے افعال کو درست رکھتا ہے، زود ہضم ہے اور آنتوں کو قوت دیتا ہے۔ پتوں کا عرق نکال لیا جائے اور کچھ مقدار جوس یا لسی میں ڈال کر پینے سے متلی، قے اور بدہضمی میں فائدہ دیتا ہے۔ برسات کے موسم میں لیموں کے شربت کے ساتھ پینے سے پیٹ کے جملہ امراض میں مفید رہتا ہے۔ اسہال اور پیچش کے مریضوں کے لیے جوشاندے کا مخصوص نسخہ تجویز کیا جاتا ہے مثلاً کڑی پتوں کی خشک چھال، خشک پتوں کا سفوف یا عرق کو شہد کے ساتھ چائے میں ڈال کر پکا کر جوشاندہ تیار کرکے پلانے سے آرام ملتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا عرق، سفوف، چھال، پھول وغیرہ کو ذیابیطس، جلدی امراض اور امراضِ چشم وغیرہ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
جلد اور بالوں کی نگہداشت کے لیے:
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ آملہ، ریٹھا اور سیکاکائی کی طرح کڑی پتے میں بھی یہ صلاحیت موجود ہے کہ بالوں کی نشوونما کرتا، انہیں امراض سے بچاتا اور سفید ہونے سے روک سکتا ہے۔ مثلاً جن خواتین کے بال کمزور ہوں، جھڑ رہے ہوں یا سفید ہورہے ہوں وہ کڑی پتے کی نازک کونپلوں کا جوس شہد یا لسّی میں شامل کرکے پئیں۔
ناریل کے تیل میں کڑی پتے پکاکر تیل بنا لیں، چھان کر بوتل میں محفوظ کرلیں۔ اسے لگانے سے بال سیاہ رہتے ہیں۔ جِلد جل جانے، جھلس جانے، چٹخنے، کھردرے ہونے یا سیاہ پڑ جانے پر کڑی پتوں کا لیپ لگانے سے صحت یاب ہوجاتی ہے۔
ذیابیطس اور کڑی پتا:
روزانہ پابندی سے صبح کے وقت کم از کم 10 کڑی پتے چبا کر کھانے سے ذیابیطس کے مرض میں پیشاب میں شکر آنا بند ہوجاتی ہے۔
پیٹ کے امراض:
پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لیے کڑی پتا کو پانی میں اُبال کر ایک ایک چمچہ دن میں کم از کم تین مرتبہ پئیں۔ گردوں میں درد اور پتھری کے خاتمے کے لیے کڑی پتے کے پودے کی جڑ کو دھوکر، اس کو پیس کر رس نکال لیں اور مریض کو پلائیں، درد سے فوری نجات ملے گی۔ پانی کے ساتھ جڑ کو گرائنڈر یا سل پر پیس کر ململ کے کپڑے میں چھان کر پلائیں۔ آنکھوں کی بیماریوں میں کڑی پتے کا عرق نکال کر رات کو سوتے وقت آنکھوں میں ایک قطرہ ٹپکانا مفید ہوسکتا ہے۔ اس سے آنکھیں خراب ہونے، کمزور ہونے، جال آنے، موتیا اترنے اور پانی بہنے کے امراض سے محفوظ رہتی ہیں۔ ویسے تو بزرگ بتاتے ہیں کہ آنکھوں کی جلن اور سرخی میں بھی کڑی پتے کا عرق ڈالنا سودمند ہے، مگر کسی بھی انفیکشن کی صورت میں آنکھوں کے ڈاکٹر ہی سے مشورہ کرلینا بہتر ہوتا ہے۔ زہریلے کیڑے، چیونٹی یا بھڑ کے کاٹنے پر کڑی پتے کے پودے کے پکے پھل کا جوس اور لیموں کا رس ہم وزن لے کر اس جگہ پر لگانے سے زہریلے اثرات اور ڈنک کی جلن کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔
وزن گھٹانے کے لیے:
کڑی پتا میں وزن گھٹانے والے اجزا بھی پائے جاتے ہیں۔ موٹے افراد اگر اس کا کھانے میں استعمال کریں یا عرق پئیں تو چربی پگھلنے لگتی ہے اور وزن قدرتی طریقے سے کم ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ بھاپ کے ذریعے کشید کرکے تازہ پتوں سے ایک خاص تیل حاصل ہوتا ہے جسے اسکن کیئر مصنوعات میں استعمال کیا جانے لگا ہے۔