اسلامی تحریکیں اور سیاسی مستقبل

792

پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد
گزشتہ چند برسوں سے اسلامی تحریکوں کے حوالے سے ایک سوال بار بار اٹھا یا جا رہا ہے کہ ’’کیا اسلامی تحریکات کا کوئی سیاسی مستقبل ہے؟‘‘ یا مغربی صحافت و ابلاغ عامہ کے اس قیاس کو درست مان لیا جائے کہ ’’اب نظریاتی جنگ کا دور ختم ہو چکا اور یہ صدی سرمایہ دارانہ نظام کی صدی ہے؟‘‘ لہٰذا دنیا کے دیگر تمام سیاسی نظام کو موجودہ حالات کے تناظر میں اپنے اندر تبدیلی اور لچک پیدا کر کے سرمایہ دارانہ طرز فکر اور نظام کے ساتھ تعاون و اشتراک کی شکلیں اختیار کرنی ہوں گی۔
مغربی اور مغرب زدہ مصنفین نے اس تصور کو اتنی تکرار کے ساتھ علمی جرائد، اخبارات اور برقی ابلاغ عامہ میں پیش کیا ہے کہ آج ایک نوجوان یہی سوچتا ہے کہ اسلام اور سرمایہ دارانہ نظام کی نظریاتی جنگ اب لاحاصل ہے۔ اس لیے مقابلے کے لیے دو ہی راستے ہیں زیر زمین سرگرمی کے ذریعے کسی عسکری انقلاب سے نظام بدلا جائے، یا پھر مغربی سرمایہ دارانہ جمہوریت سے سمجھوتا کرکے اسلام کے آفاقی اصولوں کو کچھ عرصے کے لیے کسی سرد خانے میں ڈال دیا جائے اور وقت کی راگنی کے ساتھ اپنی لَے ملا کر سیاسی زندگی کے سفر کو آگے بڑھایا جائے۔ اس فکری انتشار کے نتیجے میں بہت سے نوجوان اسلامی نظام کے قیام کو شک کی نگاہ سے دیکھنے پر مجبور اور اپنی’’دینی وابستگی‘‘ اور ’’سیاسی وابستگی‘‘ میں فرق پیدا کرنے پر آمادہ نظر آرہے ہیں۔ اس نازک اور فیصلہ کن دور میں اس بات کی ضرورت ہے کہ عالمی تناظر میں اس صورت حال کا تجزیہ کیا جائے اور ایک مثبت زاویۂ نظر فراہم کیا جائے۔
موجودہ عالمی کش مکش
عالمی پس منظر میں دیکھا جائے تو حقیقت یہ ہے کہ جس سرد جنگ کا آغاز جنگ عظیم اوّل سے شروع ہوا تھا وہ ایک مختصر وقفے کے بعد آج بھی نئی شکل میں برقرار ہے اور اس سردجنگ کے علم بردار یورپی ممالک اور امریکا دنیا کے نقشے پر اور خصوصاً مسلم دنیا کی بندر بانٹ کرنے میں پہلے سے زیادہ سفّاکی اور چالاکی کے ساتھ سر گرم عمل ہیں۔ دوسری جانب مسلم ممالک کے فوجی، موروثی اور سیاسی حکمران اپنے ذاتی اقتدار کو بچانے کے لیے مسلم مفاد سے قطع نظر مغربی شاطروں کو ہی اپنا خیرخواہ سمجھتے ہوئے انھی کے اشاروں پر سرگرم عمل ہیں۔ یورپی طاقتوں خصوصاً برطانیہ، فرانس اور امریکا ’ناٹو‘ کے ذریعے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مسلم دنیا کو مزید تقسیم کرکے انھیں مجبور و محکوم بنانے میں مصروف ہیں۔ ادھر روس اس ’’مال غنیمت‘‘ میں سے اپنا حصہ بٹورنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا رہا ہے، جب کہ مسلم ممالک کے حاکم طبقے، ان خطرات کو جان بوجھ کر نظر انداز کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں ایسی اصلاحات کر رہے ہیں جو مغربی طاقتوں کو یقین دلا سکیں کہ انھیں مسلم دنیا سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مسلم دنیا تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر ان کی نذر کرتی رہے گی تاکہ اس وفاداری کے نتیجے میں مسلم ممالک کے حاکموں کو اقتدار سے بے دخل نہ کیا جائے۔
خود مغربی مفکرین تاریخی شواہد کے ساتھ یورپی ممالک کے عزائم اور عملی کردار پر واضح الفاظ میں تنقید کر رہے ہیں، مگر مسلم ممالک کے سر براہ اور مغرب زدہ مسلم دانش ور اس کھلی کتاب کو پڑھنے سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں 2016ء میں شائع شدہ ایک اہم کتاب قابلِ ذکر ہے، جس کے مصنف ایم ای میک ملن نے تاریخی دستاویزات کے ساتھ یہ بات ثابت کی ہے کہ برطانیہ ، فرانس اور روس نے باہمی تعاون کے ساتھ مسلم دنیا میں عدم استحکام ، انتشار اور جمہوریت کے قیام کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنے اور جمہوری عمل کو ناکام بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ میک ملن کا شائع کردہ تاریخی جائزہ مغرب کے دہرے اخلاقی معیار ، مسلم دشمنی اور مفاد پرستی کی سچی تصویر پیش کرتا ہے اور نام نہاد حقوقِ انسانی، مساوات انسانی، جمہوریت پرستی کے غبارے کی ہوا نکال دیتا ہے۔(دیکھیے: From the First World War to the Arab Spring. What’s Really going on in the Middle Eastناشر: پالگریو میک ملن، امریکا،2016ء )
اس جملۂ معترضہ کے ساتھ یہ کہنا ضروری ہے کہ وہ مسلم اور غیر مسلم دانش وَر جو یہ بات باربار کہتے ہیں کہ سابقہ سویت یونین کا منتشر ہونا سرمایہ داری کی فتح ہے، یہ کہتے ہوئے وہ بھول جاتے ہیں کہ وہ دو ایسے نظام کا مقابلہ کر رہے ہیں جن کی بنیاد ہی مادہ پرستی، انفرادیت پرستی اور محسوسات پر مبنی نظامِ حیات (Empiricism) پر ہے۔ مادہ پرستی کی طرف سے اس تقابلی مطالعے کو سادہ لوحی تو کہا جا سکتا ہے لیکن اسے کسی ایک کی فتح اور دوسرے کی شکست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ مغربی سرمایہ داری، وسائل پر غیرمحدود کنٹرول حاصل کر لینے کو کامیابی قرار دیتی ہے، جب کہ اشتراکی تصورِ معیشت ، ریاست کی معاشی اجارہ داری کو اپنا ایمان سمجھتی تھی۔ اس طرح دونوں کی اصل، مادہ پرستی اور معاشی قوت کا استحصالی استعمال رہا ہے۔ اس لیے ایک کا منتشر ہو جانا دوسرے کی فتح نہیں کہا جاسکتا۔یہی وجہ ہے کہ روس اور چین دونوںمیں نجی ملکیت اور سرمایہ کاری اور مارکیٹ کی معیشت کے فروغ کے باوجود امریکا ، یورپ اور سابقہ اشتراکی دنیا ایک طرح کی ملی جلی معیشت (mixed economy )کا نقشہ پیش کررہے ہیں اور معاشی دلدل سے نکل نہیں پار ہے۔
نظریاتی کش مکش کے خاتمے کا دعویٰ:
اس مختصر نظریاتی جائزے سے معلوم ہوا کہ پہلے بھی اور آج بھی اگر مقابلہ ہے اور مقابلہ ہوسکتا ہے، تو اُن کے درمیان جو اصل کے لحاظ سے مختلف ہوں۔ ماضی میں بھی اور آج بھی اگر مادہ پرست سرمایہ دارانہ یا اشتراکی معاشی نظام کے مقابلے میں کوئی متبادل نظام عوام الناس کو فلاح، کامیابی اور سکون فراہم کر سکتا ہے تو وہ اسلامی نظام معیشت اور نظام سیاست ہی ہے۔ یہاں یہ امر بھی پیش نظر رہے کہ اگر واقعی نظریاتی جنگ کا دور ختم ہو گیا ہے تو پھر سرمایہ داری کے علَم بردار ممالک ’’مسلم ریاست‘‘ اور اسلام کے نام سے پریشان کیوں ہوتے ہیں؟ ’’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘‘ دراصل ہر اُس کوشش کے خلاف محاذ قائم کرنا ہے جو اسلامی تصورِ حیات کو دنیا میں کسی بھی خطے میں رائج کرنے کے لیے کی جا رہی ہو۔ جس سے یہ بات متعین ہوتی ہے کہ نظریاتی جنگ کا دور ختم نہیں ہوا اور ختم نہیں ہوسکتا۔
مغرب کے بہت سے مفکرین گزشتہ دو عشروں سے برابر کہہ رہے ہیں کہ مغربی تہذیب کی برتری اورخصوصاً امریکی قیادت کا دور ختم ہو رہا ہے اور ایک ایشیائی قوت، چین اس خلا کو پُر کرنے کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔ اگر بعض مسلمانوں میں کچھ دانش ور اس حقیقت کے باوجود یہ رائے رکھتے ہیں کہ نظریاتی جنگ کا دور ختم ہو گیا ہے، تو یہ ان کی سادہ لوحی اور حقائق سے نظریں چرانا ہے۔ زمینی حقائق یہ ہیں کہ خصوصاً مغرب، اسلام سے خائف ہو کر اپنے تمام وسائل کو مسلم دنیا میں باہمی ٹکرائو پیدا کرنے اور مسلم دنیا کے قدرتی وسائل پر اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں مسلسل دخل اندازی کر رہا ہے، وہ اسی نظریاتی ٹکرائو اور جنگ کا ایک محکم ثبوت ہے۔ اگر اسلامی نظریے میں وہ دم خم نہ ہوتا تو پھر مغرب پر اسلام کا ہوّا کیوں سوار ہے؟ وہ کیوں ہرتخریبی اور منفی کارروائی کو بنیاد پرستی، انتہا پسندی اور دہشت گردی وغیرہ کا نام دے کے اسلام اور مسلمانوں سے منسوب کردیتا ہے۔
ہمارے خیال میں یہ ذہنی محکومیت اور مغربی مفروضوں کے تناظر میں اسلامی ریاست اور اسلامی نشاۃ ثانیہ کے مستقبل سے مایوسی کا رویہ ہے، جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ گزشتہ زمانے کی اشتراکی معیشت کی اخلاقیات اور موجودہ زمانے کی حکمران مغربی سرمایہ دارانہ معیشت کی اخلاقی اقدار میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اس بنا پر ان دونوںکا مقابلہ اگر کسی نظامِ فکر سے ہو سکتا ہے تو وہ صرف اور صرف اسلام ہی ہے جو اپنے ماخذ اور تشکیل کے لحاظ سے ایک بالکل مختلف تصور کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ جائزہ نامکمل ہوگا اگر اس طرف اشارہ نہ کیا جائے کہ اگر واقعی اسلام اور سرمایہ دارانہ یا اشتراکی نظاموں کے درمیان نظریاتی اور سیاسی جدوجہد کا دور ختم ہو چکا ہے، تو پھر کیا وجہ ہے کہ مصر میں اخوان المسلمون 70 سالہ آزمائشوں سے گزرنے کے باوجود سابقہ انتخابات میں محض نظریاتی اساس کی بنیاد پر کامیاب ہوئی۔ یہ الگ بات ہے کہ اس نظریاتی کامیابی کو عالمی جمہوریت کے اجارہ داروں نے برداشت نہیں کیا اور جمہوری عمل کو من پسند فوجی آمریت کے ذریعے غیراخلاقی اور غیر قانونی دخل اندازی کر کے ناکام بنانے کا شرمناک کھیل کھیلا۔
تحریک اسلامی الجزائر FIS: اسلامک سالویشن فرنٹ نے 1990ء کے آغاز میں اسلامی نظریے کی بنیاد پر جمہوری ذرائع سے عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل کی۔ یہ واضح طور پر نظریے کی کامیابی اور اسلامی نظام کے قیام کی طرف ایک اہم قدم تھا۔ اس کو ناکام بنانے کے لیے فرانسیسی سامراج کی پروردہ الجزائری فوج نے پْر امن جمہوری انقلاب کو خونیں انقلاب میں تبدیل کر دیا اور اس طرح ہزاروں بے گناہ شہریوں کو لقمہ ٔ اجل بنا دیا گیا۔
جاری ہے

حصہ