کامیابی

230

عفان احمد
کئی دنوں سے احمد کی رات کو تاخیر سے آمد کو امی نے محسوس کرتے ہوئے احمد سے پوچھا بیٹا احمد آپ کئی دنوں سے رات کو دیر سے گھر آرہے ہیں آخر عشا کی نماز کے بعد آپ جاتے کہاں ہو یہ آپ کا معمول بنتا جا رہا ہے، اچھی بات نہیں ہے رات کو دیر سے گھر آو گے تو یقینا آپ کی پڑھائی متاثر ہوگی یہ کوئی پسندیدہ عمل نہیں ہے۔ احمد نے کہا امی کوئی خاص بات نہیں ہم جشن آزادی کی تیاری کررہے ہیں۔ اگست کا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ 14 اگست سے پہلے ہم اپنے محلے کو سجائیں گے چراغاں کریں گے اس کی تیاری کر رہے ہیں روزانہ ہم دوست ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور تیاری کا جائزہ لیتے ہیں۔ ہمارا مقابلہ برابر کے محلے والوں سے ہے جو زیادہ اچھا سجائے گا وہ مقابلہ جیت جائے گا ہم 13 اگست کی رات ریلی بھی نکالیں گے۔ اور ہاں امی اگر ہم جیت گئے تو ہمیں انعام ملے گا امی نے پوچھا انعام کون دے گا احمد نے جواب دیا امی بات یہ ہے کہ ہم نے ایک مخصوص رقم کی شرط لگائی ہے جو جتنے والے کو بطور انعام مل جائے گی۔ احمد نے یہ بھی امی کو بتایا کہ سب نے ایک جگہ پیسے جمع کرا دیے ہیں جتنے والے کو ساری رقم مل جائے گی۔
امی نے احمد کی پوری بات سنے کے بعد کہا کہ احمد میاں آپ کو معلوم ہی نہیں کہ انعام کیا ہوتا ہے انعام وہ ہوتا ہے جو کسی کامیابی یا اچھے عمل پر کسی بڑے کی طرف سے دیا جائے اور آپ جوصورت بتا رہے ہو وہ انعام نہیں بلکہ جوے کی ایک شکل ہے۔ جشن آزادی منانا ہے ایک اچھا عمل ہے، چراغاں بھی کریں۔ لیکن فضول خرچی سے پرہیز کریں اور نیک عمل میں مقابلہ بھی کریں لیکن پیسے کے ساتھ وقت بھی ضائع نہ کیا جائے آپ لوگوں نے تو اک جشن آزادی کے اچھے عمل کو اس انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ اچھائی کے بجائے برائی بن گیا ہے آپ کو اس میں اصلاح کرنی چاہیے شرط کو ختم کیا جائے اور ہاں آپ نے کہا کہ آتش بازی کریں گے ریلی نکالیں گے تو یہ بھی حد سے باہر نکلنے والی اور لوگوں کو پریشان کرنے والی بات ہے آپ تمام دوست مل کر 14 اگست کو ایک تقریب کریں اس میں اس بات کا عہد کریں کہ آپ پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں گے محنت کریں گے اور معاشرے کے کارآمد فرد بنیں گے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اگر ملک کی ترقی کے جذبے کے ساتھ آپ تعلیم کریں اور معاشرے کا ایک کارآمد فرد بنتے ہیں تو یہ ایک بڑی کامیابی اور ملک سے سچی وفا داری ہے۔

حصہ