بات یہ ہے

623

عبدالرحمٰن مومن

پرواز ہے دونوں کی اسی ایک جہاں میں
کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور

کیا سوچ رہے ہیں؟ یہی ناں کہ شاہیں اور کرگس جب ایک ہی فضا میں پرواز کرتے ہیں تو ان کے جہاں کیونکر مختلف ہوسکتے ہیں؟ ٹھیک ہے اس کا جواب بھی مل جائے گا۔ پہلے آپ شاہیں کی صرف دو خصوصیات بتائیں۔ کیا کہا آپ نے؟ شاہین اپنا مستقل ٹھکانہ نہیں بناتا اورکسی اور پر انحصار کرنے کے بجاے خود تازہ شکار کر کے اپنی بھوک مٹاتا ہے۔ جی ہاں ٹھیک کہا آپ نے… اب کرگس (گدھ) کی بھی دو عادات بتائیں جو شاہین کی مذکورہ بالا عادات و خصوصیات سے اختلاف رکھتی ہوں۔ یہ بھی ٹھیک ہی کہہ رہے ہیں آپ کہ گدھ اپنا مستقل ٹھکانہ بناتا ہے۔ اس کے علاوہ گدھ شکار کر کے کھانے کے بجاے مردارکھانے کو ترجیح دیتا ہے۔ دونوں پرندوں کی عادات و خصوصیات میں اختلاف تو ہمیں پتا چل گیا۔ اب ہم دومختلف عادات و خصوصیات کے حامل انسانوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ ایک انسان وہ ہے جورزق حاصل کرنے کے لیے محنت کرتا ہے اور کھانے میں حلال حرام کی تمیز رکھتا ہے۔ وہ اس دنیا کو عارضی جانتے ہوئے اْخروی زندگی کو دائمی سمجھتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اس جہان کے علاوہ جو دوسرا جہاں ہے وہ لافانی ہے۔ اس لیے وہ دنیا میں پر آسائش ٹھکانہ (گھر) بنانے سے گریز کرتا ہے۔ اس کے بر عکس دوسرا انسان حلال و حرام جائز و نا جائز کی تمیز کرنے کے بجاے ہر چیز کھالیتا ہے۔ وہ اس دنیا کی زندگی میں ایسامگن ہو جاتا کہ اسے آخرت کا خیال نہیں رہتا۔وہ اس دنیا کو ہی مکمل جہان سمجھنے لگتا ہے۔ وہ دنیا میں ہی ساری آسائشیں تلاش کرتا ہے اور اپنے لیے پر آسائش ٹھکانہ (گھر) بناتا ہے۔ جی ساتھیو! جس انسان کا پہلے ذکر کیا گیا ہے اسے آپ کیا کہیں گے۔ ’’مومن‘‘ ارے واہ ، اس کا مطلب ہے بات آپ کی سمجھ میں آگئی ہے۔ اب دوسرے انسان کا نام تو ہم بھی بتا سکتے ہیں۔

حصہ