طاہر عظیم
بحرین کی معروف ادبی تنظیم ’’انجمن فروغ ادب‘‘ کے زیر اہتمام رسا چغتائی کے لیے تعزیتی اجلاس اور شعری نشست منعقد کی گئی ،جس میں بحرین میں مقیم اردو نواز حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نشست کی صدارت معروف محقق نقاد اور علمی و ادبی شخصیت جناب ڈاکٹر شعیب نگرامی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی بحرین کے معروف ادب دوست شخصیت جناب شکیل احمد صبرحدی , جبکہ مہمانانِ اعزاز سرپرست انجمن فروغ ادب بحرین محترم صہیب قدوائی تھے۔ نظامت کے فرائض محترم احمد امیر پاشا نے ادا کیے۔
رسا چغتائی پر گفتگو کرتے ہوئے احمد امیر پاشا نے کہا کہ وہ صاحبِ اسلوب شاعر اور ایک منکسر المزاج انسان تھے ان کی رحلت ایک سانحہ عظیم ہے ان کا خلا پُر ہونا بہت دشوار ہے۔ خرم عباسی نے رسا چغتائی پر ایک مقالہ اور منتخب اشعار پیش کیے۔
احمد امیر پاشا، طاہر عظیم، عدنان تنہا، محترم گیانی، عمر سیف، سمیع اللہ حامد، عمران فریق نے کلام نذرِ سامعین کیا اور ڈھیروں داد وصول کی۔ نشست میں محترم صہیب قدوائی، محترم محمد عرفان، محترم نجیب نجمی، محترم اظہارالحق، محترم صادق شاد، محترم عزیز ہاشمی اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ بحرین کے ادب نواز دوستوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی نے۔ انجمن فروغ ادب کے روح رواں محترم طاہر عظیم نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ’’عالمی مشاعرہ بیاد سعید قیس‘‘ بروز جمعہ 11مئی 2018 کا اعلان کیا۔