خالد معین
رساصاحب نوجوان نسل سے ایک خاص دلی، ادبی اور تخلیقی تعلق رکھتے تھے۔ مشاعروں میں نوجوانوں کو بڑی توجہ سے سنتے۔ جو نوجوان اُن سے ملتا، وہ اُن کی درویشی، شرافت اور انکسار سے متاثر ہوتا۔ جو شخص اُن سے ملنے اُن کے گھر پہنچ جاتا، گویا ہمیشہ کے لیے آنے جانے کا رشتہ بنا لیتا، اور اس حسن ِ عمل، تعلق داری اور شفقت میں رسا صاحب مرکزی کردار ادا کرتے۔ مشاعروں اور دیگر ادبی تقریبات میں شرکت کے لیے بھی کوئی ناز، کوئی نخرا روا نہ رکھتے، جو بھی عزت اور محبت سے مدعو کرتا، جانے کے لیے راضی ہوجاتے۔ رسا صاحب کے جانے سے کراچی کے مشاعروں میں صدارتی بحران بڑھ جائے گا، کیوں کہ کراچی کے تمام منتخب مشاعروں کی صدارت رسا صاحب ہی کرتے تھے۔ رسا صاحب کی شاعری میں ڈکشن، اسلوب اور موضوع سے کچھ سوا جادوگری بھی ہے، یہ جادوگری اُن کی شخصیت میں بھی تھی۔ بہ ظاہر وہ بڑے کم سخن، لاپروا اور بے نیازی کی کیفیت میں رہتے، تاہم مجھے کبھی کبھی محسوس ہوتا کہ ہجوم کے درمیان اندر ہی اندر کسی سلسلۂ کلام سے جڑے رہتے تھے۔ اسی لیے اُن کی شاعری میں حرف و بیاں سے ماورا بھی ایک تحیر انگیز شے تھی، اور اُسے خالص شاعری کی لہر اور خالص شاعری کی تیز خوشبو ہی سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ رسا صاحب نے میر، غالب، مومن، داغ، فراق، یگانہ اور اسی قبیل کے دیگر شعرا سے کسب ِ فیض کیا، اگرچہ اس ترتیب و تہذیب میں خود اُن کے دو اہم ہم عصر جون ایلیا اور انور شعور بھی ہیں، تاہم رسا صاحب نے ان دونوں اہم شعرا کی موجودی میں اپنی گہری انفرادیت کو کبھی ماند نہ پڑنے دیا۔ حیرت ہے کہ اُن کے بعض ہم عصر اُنہیں مہمل شاعر قرار دیتے رہے لیکن رسا صاحب کی شاعری میں اتنی سادہ بیانی ہے کہ مہمل ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ اپنی شاعری کو اضافتوں کے غیر ضروری بار سے بھی بچا کے رکھتے تھے۔ اس لیے اُن کا مصرع سلیس، رواں دواں اور اپنے مکمل معنی دیتا ہوا دوسرے مصرع کی معنویت کو بڑھاتا ہوا، شعر بنتا ہے اور شعر کے حسن کو دوچندکرتا ہے۔
رساصاحب نے تقریریں کم کیں، نثر بھی کم کم لکھی، عام طور پر وہ کم سخنی کو اوڑھے رہتے، تاہم کبھی کبھی وہ مکالمے پر آمادہ ہوتے تو بڑے کام کی باتیں کرتے۔ یہ باتیں فن اور فن کی گہرائی کے نئے امکانات کو سامنے لاتیں۔ ایک بار کسی مشاعرے میں ساتھ جاتے ہوئے، اُنہوں نے کئی بار احمد فراز کی مشہور غزل ’یہ بات ہے تو چلو بات کرکے دیکھتے ہیں‘ کے چند شعر دہرائے، تعریف کی اور ان پر بات بھی کی۔ ایک شعر:
سنا ہے دن میں اُسے تتلیاں ستاتی ہیں
سنا ہے رات میں جگنو ٹھہر کے دیکھتے ہیں
بار بار دہرایا اور کہا ’’دیکھو کس غضب کا شعر کہا ہے فراز نے، میں جب ایسے شعر کسی اور کے یہاں دیکھتا ہوں تو مجھے بڑا رنج ہوتا ہے کہ یہ شعر میں نے کیوں نہیں کہا‘‘۔ یہ کہتے جاتے اور شعر دہراتے جاتے۔ ابھی تو بڑا رنج سا بکھرا ہوا ہے اندر باہر، ابھی تو بڑی گہری اُداسی ہے، چشم ِ نم نے سب کچھ دھندلا دیا ہے۔ منظر کچھ شفاف ہو تو رسا صاحب کی اور یادیں اور باتیں کسی ترتیب میں آسکیں۔ مجھے انتہائی افسوس ہے کہ میں رسا صاحب کی زندگی میں اُن پر کچھ نہ لکھ سکا، اگرچہ میرا لکھا ہی کیا، اُس کی اہمیت ہی کیا! مگر دل چاہتا تھا کہ رسا صاحب سے تین چار بار لمبی نشستیں کی جائیں اور اُن کی زندگی کے اہم واقعات ریکارڈ کیے جائیں، اُن سے کچھ ایسی باتیں پوچھی جائیں جو کسی اور نے نہ پوچھی ہوں، مثلاً اُس زلف کے بارے میں، جو بار بار اُن کی شاعری میں در آتی ہے، اُس گھر کے درو بام پر بات کی جائے، جہاں اُنہوں نے اپنا بچپن اور نوجوانی گزاری۔ اُس بستی کا احوال جانا جائے جہاں وہ اپنے خواب بو کے چلے آئے۔ اُس گلی کی یادوں کے بارے میں کچھ سوال کیے جائیں، جو عمر کے آخری دور تک اُن کے ساتھ ساتھ چلی، شاعری میں ہجرت کے مختلف رنگوں کی بابت پوچھا جائے… وہ ہجرت جو عام شعرا کی ہجرت اور اُس کی کرب ناکی کے بجائے ایک اُداسی اور ایک ملال کی صورت بار بار اُن کے اشعار میں جلوہ گر ہوتی رہی۔ اُس انتظار کے بارے میں جس نے اُنہیں سراپا بہار بنائے رکھا۔ اُس درویشی، اُس اندر باہر کی بے پناہ سرشاری کے بارے میں پوچھا جائے، جو اُنہیں قدرت سے تحفتاً ملی۔ لیکن زندگی پر طاری بے کار کی بھاگ دوڑ نے رسا صاحب سے اس مکالمے کی مہلت ہی نہ دی، اور یہ ملال زندگی کی آخری سانس تک رہے گا۔ چلیں اس ملال کو سر ِدست تو کچھ کم کریں اور رسا صاحب کے کچھ شان دار اور منتخب اشعار دہراتے ہیں، جو اُن کے شعری مجموعوں ’’ریختہ‘‘، ’’زنجیر ِ ہمسائیگی‘‘، ’’تصنیف‘‘، ’’تیرے آنے کا انتظار رہا‘‘، ’’چشمہ ٹھنڈے پانی کا‘‘ سے لیے گئے ہیں: