موسم ِ سرما میں احتیاطی تدابیر

318

دانیہ آفرین
موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے، موسم سرما جہاں اپنے ساتھ بہت سی سوغاتیں لاتا ہے، وہیں کچھ بیماریاں بھی بن بلائے مہمان کی طرح حاضر ہوجاتی ہیں ۔ جن میں سب سے زیادہ پائی جانے والی بیماری نزلہ زکام اور بخار ہے ۔نزلہ زکام اور بخار بظاہر معمولی بیماریاں ہیں مگر ان کے شروع ہوتے ہی دیگر بیماریوں کا سلسلہ بھی شروع ہوجاتا ہے۔ بخار جسم میں شروع ہونے والے انفیکشن کی ایک علامت ہے ۔ انفیکشن بیکٹیریل ، فنگل یا وایرل ہو سکتا ہے ۔
انسانی جسم کا ایک اہم نظام ( امیون سسٹم ) ہوتا ہے جس کا کام انسانی جسم کو ہر قسم کے انفیکشن اور بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہوتا ہے ۔ ماحولیاتی درجہ حرارت کے گرتے ہی انسان کے جسم کا بھی درجہ حرارات کم ہوجاتا ہے ، جس کی وجہ سے امیون سسٹم کمزور ہوجاتا ہے اور بیماریوں کے لیے دروازے کھل جاتے ہیں جو نزلہ زکام اور بخار کی شکل میں سامنے آتے ہیں۔ اکثر اوقات اس کا دورانیہ کم ہوتا ہے امیون سسٹم دفاع کر کے اس کا خاتمہ کردیتا ہے مگر جن لوگوں کی قوت مدافعت پہلے ہی سے متاثر ہوتی ہے۔ ان کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے عموما ایسے لوگوں میں نزلہ زکام اور بخار کا دورانیہ بھی لمبا ہوتا ہے جو مختلف بیماریوں پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔ اسی لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے اگر بر وقت چند احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں تو پریشانی سے بچا جاسکتا ہے۔
موسم سرما کے آتے ہی گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردینا چاہیے گھر سے باہر نکلتے ہوئے خاص کر الصبح اور رات گئے سر ڈھک کر ٹھنڈ سے بچا جا سکتا ہے۔ ناک کواگر ماسک سے ڈھک لیا جائے تو زیادہ بہتر ہے ناک کے ذریعے ہی ٹھنڈ جسم میں داخل ہوتے ہے اسی طرح دستانے اور جرابوں کا استعمال موزوں ہے۔ عموما سرد موسم میں پانی پینے کی عادت کم ہوجاتی ہے۔ خاص مقدار میں پانی پینا انسانی جسم کے لیے نہایت ضروری ہے۔ پانی پینے سے باڈی ٹمپریچر کنٹرول رہتا ہے۔
ورزش اور واک کرنے سے بھی جسم کا درجہ حرارت معمول پر رہتا ہے۔ اچھی اور صحت مند غذا کا استعمال سرد موسم میں انتہائی ضروری ہے۔ ایسے پھل اور سبزیاں جن میں وٹامن سی، ڈی اور ای وافر مقدار میں پایا جاتا ہو (اسٹرابری ، کینو، پپیتا، کیوی ، ٹماٹر، پھول گوبھی ، پالک وغیرہ ) ان کا استعمال زیادہ سی زیادہ کرناچاہیے۔ مچھلی بھی سرد موسم میں نہایت موثر ہے اور ایسی تمام تر غذائیں جن میں گڈ کولیسٹرول موجود ہو مثلاً ڈرائے فروٹس وغیرہ ان کا استعمال زیادہ رکھنا چاہیے۔ گڈ کولیسٹرول جسم کو توانائی مہیا کرتا ہے۔ جس سے جسم کا درجہ حرارت نارمل رہتا ہے۔ چکن سوپ اور ادرک کا قہوہ بھی سرد موسم میں نہایت ہی مفید ہے۔ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے نزلہ زکام، بخار اور دیگر بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے اور موسم سرما کا لطف بھرپور انداز میں لیا جا سکتا ہے ۔

حصہ