مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے آن لائن شاپنگ ویب سائٹ KAMYU.PK کو بادی النظر میں دھوکا دہی پر مبنی تشہیر اور مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو ایک شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ مشہور آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم KAMYU.PK دھوکا دہی پر مبنی تشہیر اور گمراہ کن دعوے کرنے میں ملوث ہے۔
سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر انکوائری منعقد کی گئی اور درخواست گزار کی شکایت کا جائزہ لیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹ خریدار اور فروخت کرنے والوں کے درمیان ایک محفوظ اور تعاون پر مبنی تعلق کا دعویٰ کرتی ہے لیکن یہ صارفین کے ساتھ دھوکا دہی کرتے ہوئے آرڈر کے وقت اپنی خدمات اور فروخت کے بعد خدمات میں اپنے دعووں کے برعکس رویہ رکھتی ہے۔ انکوائری سے یہ ظاہر ہوا کہ KAMYU.PK اپنی ویب سائٹ پر کیے گئے متضاد دعووں کے ذریعے صارفین کو اپنی واپسی پالیسی کے متعلق درست انتباہ نہ کر کے دھوکا دہی میں ملوث ہورہی ہے ۔