امریکی ویزا کیلئے سوشل میڈیا پاس ورڈ کی شرط

171

امریکی ویزا کے حصول کے خواہش مند افراد پر پابندیوں کے ساتھ ساتھ کڑی شرائط عائد کرنے کی تیاریاں بھی کرلی گئیں، امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری جان کیلی کے مطابق امریکی سفارت خانے مستقبل میں ویزا کی درخواست دینے والے افراد سے اُن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے پاس ورڈ طلب کرسکتے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری جان کیلی کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید سخت کرنے کے لیے مستقبل میں یہ قدم اٹھایا جاسکتا ہے، تاکہ ممکنہ سیکورٹی رسک کا خدشہ ثابت ہونے والے افراد کی نشاندہی ممکن ہوسکے۔ سیکریٹری کے مطابق سات مسلم اکثریتی ممالک (ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن) سے تعلق رکھنے والے مسافروں پر اس شرط پر عملدرآمد کے لیے مشاورت جاری ہے کیونکہ ان ممالک میں بیک گراؤنڈ اسکریننگ کا عمل بہت کمزور ہے۔ اگر لوگ اس تعاون کے لیے تیار نہیں تو وہ امریکہ میں داخل نہیں ہوسکتے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی واقعی امریکہ میں آنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے ساتھ تعاون ضرور کرے گا ورنہ اس قطار میں بہت لوگ موجود ہیں۔

حصہ