کیا ہم امت محمدی ہیں؟(ہاجرہ یوسف)

293

محبت ماں سے ہو تو ماں کا خیال کرتے ہیں، باپ سے ہو تو ہماری کوشش ہوتی ہے، ہمارے والد ہم سے ناراض نہ ہوں۔ غیر موجودگی میں بھی کوئی غلط کام کرنے سے ڈرتے ہیں۔ یہی محبت اگر اولاد سے ہو تو والدین اپنا سب کچھ ان پر قربان کر دیتے ہیں۔ محبت شوہر سے ہو تو کیسی فکر ہوتی ہے، فرماں بردار بیوی شوہر کی ہر پسند کا خیال رکھتی ہے، اپنے آپ کو اس پر نچھاور کردیتی ہے۔
لیکن کیا کبھی ایسا ہوا کہ آپ نے گھر کے باہر جھنڈا لگایا ہو ماں کے نام کا، باپ کے نام کا، شوہر کے نام کا یا کسی بھی رشتے سے محبت کا؟؟ کبھی ایسا ہوا کہ آپ نے شوہر کی محبت میں اپنی پوری گلی لائٹ سے سجادی ہو (چوری کی بجلی سے) اگر یہ سب آپ کریں گے تو لوگ آپ کو کیا کہیں گے؟ کبھی سوچا؟
ہائے، یہ محبت کیسی عجیب چیز ہے! بحیثیت مسلماں ہمیں سب رشتوں سے بڑھ کر اللہ کے نبیؐ سے محبت ہونی چاہیے۔ یہ ایمان کا حصہ ہے، لیکن افسوس ہماری عقل پر کہ ہم بڑے فخر سے، بڑے مان سے اللہ کے نبیؐ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں، ایسی محبت کہ ہم گلی گلی جھنڈے لے کر گھومتے ہیں، چوری کی بجلی سے پورے علاقے کو لائٹ سے سجاتے ہیں، روڈ گلیاں سجانے کے لیے راستے بلاک کردیتے ہیں، پورے دن بڑے بڑے ڈیگ لگاکر ان پر نعتیں سنواتے ہیں کہ ہمیں محبت ہے نبیؐ سے۔۔۔کیا 12 دن ڈیگ پر نعتیں سن کر، گلیاں، محلّے سجا کر ہم نے نبی سے سچّی محبت کا حق ادا کردیا۔ نہیں۔۔۔ہماری محبت تو صرف 12 دن کی ثابت ہوئی، کیا یہ وہی ڈیگ نہیں ہوتے، جس میں سالہا سال گانے بجتے ہیں، جب نبیؐ کی محبت کہاں غائب ہوجاتی ہے؟ میلاد مناؤ، جشن مناؤ اس دن، جس دن روایت سے وصال کا دن ثابت ہے، ولادت کا نہیں۔ آپؐ کے انتقال کے بعد سب سے لمبا عرصہ حضرت عائشہؓ حیات رہیں، یہ عمل ان سے تو ثابت نہ ہوا۔ وہ تو زیادہ حق دار تھیں کہ میلاد مناتیں، لیکن انہوں نے تو ایسا نہیں کیا، کسی صحابیؓ رسول نے ایسا کیا۔۔۔نعوذ باللہ، کیا انہیں محبت نہ تھی؟
اللہ کے نبیؐ سے یہ کیسی محبت ہے کہ ہمارے لباس گواہی نہیں دیتے، یہ کیسی محبت ہے کہ ہمارا رہن سہن، ہمارا گھر اس بات کی گواہی نہیں دیتا، یہ کیسی محبت ہے کہ ہم اپنے گھر والوں کے لیے مہربان نہیں بنتے؟ یہ کیسی محبت ہے کہ ہمارے ہمسائے ہم سے خوش نہیں رہتے؟ یہ کیسی محبت ہے کہ ہم معراج کا تحفہ ’’نماز‘‘ پابندی سے ادا نہیں کرتے۔۔۔ ہم کہتے کچھ ہیں، کرتے کچھ ہیں۔۔۔
یہ کیسی محبت ہے کہ ہم نے اپنے بچوں کی تربیت قرآنی اصول کے مطابق نہیں کی؟ یہ کیسی محبت ہے کہ ہمارے ملک میں سُود کا نظام ہے؟ یہ کیسی محبت ہے کہ ہمارا ہر عمل سنتِ رسولؐ کے منافی ہے؟ ہنگامہ و شور کرکے اللہ کے رسولؐ سے محبت ثابت نہ ہوگی، جب تک کہ ہمارا ہر عمل ہمارے کردار کی گواہی نہ دے گا۔۔۔کاش کہ ہم امتِ محمدی بن سکیں!!

حصہ