قاضی حسین احمد:ایک والد ،ایک(مرشدآصف لقمان قاضی)

305

یہ خالقِ کائنات کا قانون ہے کہ اس کائنات میں صرف اسی کو بقا ہے۔ باقی سب مخلوقات کو ایک معین مدت تک اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے اور پھر اپنے خالق کی جانب لوٹ جانا ہے۔
کُلُّ مَنْ عَلَیْھَا فَانٍo وَّ یَبْقیٰ وَجْہُ رَبِّکَ ذُوالْجَلٰلِ وَالْاِکْرَامِo
ترجمہ: ’’ہر چیز جو اس زمین پر ہے فنا ہوجانے والی ہے اور صرف تیرے رب کی جلیل وکریم ذات ہی باقی رہنے والی ہے۔‘‘
آغا جان (ہم گھر میں قاضی حسین احمد صاحبؒ کو اس نام سے پکارتے تھے) کی رحلت ہم سب کے لیے بہت اچانک تھی۔ وہ اللہ سے دُعا کیا کرتے تھے کہ مجھے اس حال میں نہ لے جا جہاں مجھے دوسروں کا سہارا لینا پڑے۔ شاید دوسروں کا محتاج بن جانا ان کے خوددار مزاج پر بوجھ بن جاتا۔
اللہ نے انسانی فطرت کو محبت، چاہت، اُنسیت اور تعلق کے جذبوں سے نوازا ہے اور زمین میں پائے جانے والے تمام جذبوں اور رشتوں میں ماں باپ اور اولاد کے مابین پائے جانے والے جذبے اور تعلق کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ جب بھی ماں باپ اور اولاد کے تعلق کی بات آئے گی تو اس کی وضاحت کے لیے مثالوں کا سہارا نہیں لینا پڑے گا، بلکہ یہ رشتہ خود ہی سب سے بڑی مثال ہے۔ ان کا بیٹا ہونے کے ناتے مجھے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے شاید الفاظ کی ضرورت نہیں ہے۔ میرے دل کی ہر دھڑکن میں والد گرامی کا پیار اور شفقت موجود ہے اور جب تک سانس کی آمدورفت ہے یہ تعلق بھی زندہ رہے گا۔
آغا جان نے ہمیں دُکھ اور غم کو وقار اور صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی تربیت دی تھی۔ ان کی وفات کے دکھ میں ہم اکیلے نہیں تھے۔ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ان کے لاکھوں روحانی بیٹے ہمارے ساتھ شریک تھے۔ مجھے یاد ہے ان کی وفات کے چند گھنٹوں بعد مجھے صومالیہ سے اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ایک صومالی نوجوان کی تعزیتی ٹیلی فون کال موصول ہوئی تھی۔ وہ مجھے کہہ رہا تھا کہ قاضی صاحبؒ ہم سب کے والد تھے۔ میں سوچ رہا تھا نجانے یہ کیسا رشتہ ہے جو ہزاروں میل دور دو مختلف براعظموں میں رہنے والوں، مختلف نسلوں کے لوگوں کو آپس میں جوڑے ہوئے ہے۔ حرمِ پاک سمیت شاید ہی دنیا کا کوئی ایسا ملک ہو جہاں آغا جان کی غائبانہ نمازِ جنازہ یا تعزیت کی کوئی تقریب منعقد نہ ہوئی ہو۔ اخوان المسلمون مصر کے سابق مرشد عام نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قاضی صاحبؒ زندہ تھے تو تب بھی ہم سب کو اکٹھا کرتے تھے اور آج وہ وفات پاگئے ہیں تو اب بھی ہمیں اکٹھا کررہے ہیں۔ یہ اُمت مسلمہ کے اس اتحاد کا ایک اظہار تھا جو قاضی صاحبؒ کے دل ودماغ پر ایک نوجوان کے عشق کی طرح نقش تھا۔
اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِؐ ہاشمی
شیخ مہدی عاکف نے عربی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ قاضی حسین احمدؒ ’’رمزاً من رموز الامۃ‘‘ یعنی اُمت مسلمہ کی علامتوں میں سے ایک علامت تھے۔ ایک ایسا شخص جو اُمت کے اتحاد کا ایک نشان بن جاتا ہے۔
آغا جان ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے۔ ایک کالم نگار نے ان کے بارے میں بالکل درست لکھا تھا کہ ان سے مل کر ایسا لگتا ہے جیسے قرونِ وسطیٰ کا کوئی تاریخی شخص ہمارے زمانے میں آگیا ہو۔ ان کا پاکیزہ مزاج، ان کی وجاہت، ان کا جلال اور ذوقِ جمال، قرآن سے تعلق، عشقِ رسولؐ، ادب اور مطالعہ کا شوق، جرات اور ثابت قدمی، تحمل اور صبر، نرم خوئی اور ہمدردی، شفقت اور محبت، تحرک، جہد مسلسل اور داعیانہ تڑپ، بے ساختہ حس مزاح اور بے تکلفی، ہر انسان کے ساتھ دوستی کا انداز، وسیع المشربی اور ہر گھڑی اللہ کی بندگی کا احساس اور اس طرح کی اَن گنت خوبیوں کا ان کی شخصیت کے اندر جمع ہوجانا اللہ تعالیٰ کا ایک خاص احسان تھا۔ وہ غلطیوں سے مبرا نہ تھے او رکوئی انسان معصوم عن الخطا ہو بھی کیسے سکتا ہے الا یہ کہ وہ اللہ کا نبی اور پیغمبر ہو۔ لیکن وہ یقیناًایک ایسے شخص تھے جنہیں دیکھ کر یا جن کی صحبت میں رہ کر انسان کے ایمان کو تقویت ملتی ہے اور انسان اپنے رب سے قریب تر ہوجاتا ہے۔ جناب سراج الحق نے ان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر علامہ اقبالؒ ان کو دیکھ لیتے تو وہ کہہ اُٹھتے کہ جس مردِ مومن کا تصور میں پیش کیا کرتا تھا یقیناًیہ وہی شخص ہے۔
میں اپنے آپ کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ اللہ نے مجھے قاضی حسین احمدؒ جیسا والد عطا کیا۔ وہ ایک مثالی والد تھے۔ ایک باپ میں جن خصوصیات کی آپ آرزو کرسکتے ہیں، وہ قاضی صاحبؒ میں بدرجہ اتم موجود تھیں۔ ایک ایسا والد جو آپ کو دین سے روشناس کرائے۔ جو آپ کی تربیت پر ہمیشہ نظر رکھے۔ جو ہر ضرورت کے وقت آپ کے لیے موجود ہو۔ جو ایک استاذ بھی ہو اور ایک مرشد بھی اور جو ہر حالت میں آپ کا خیر خواہ اور محبت کرنے والا ہو۔ ایسے والد کی جدائی ایک ایسا صدمہ ہے جس کی کسک ان کے انتقال کے ایک سال بعد بھی اسی طرح محسوس ہوتی ہے جس طرح پہلے دن تھی۔ وہ جو اقبالؒ نے حضرت ابراہیمؑ کے بارے میں کہا تھا:
یہ مکتب کی کرامت تھی یا کہ فیضانِ نظر تھا
سکھائے کس نے اسماعیلؑ کو آدابِ فرزندی
ہمارے لیے آغا جان ایک مکتب بھی تھے اور فیضانِ نظر کی ایک خانقاہ بھی۔
آغا جان کے ساتھ وابستہ یادوں میں ایک مستقل اور دل ودماغ پر گہرے نقوش چھوڑ دینے والی یاد نمازِ فجر اور اس کے متصل وہ ساعتیں ہیں جو ان کی قربت میں گزریں۔ بچپن ہی سے نمازِ فجر کے لیے جگانے کا ان کا ایک دلنشین انداز تھا۔ عموماً فجر کے وقت قرآنی آیات کی تلاوت کرتے یا اقبال کے اشعار گنگنارہے ہوتے۔ یہ شعر اکثر کہتے: ’’اٹھو کہ ہو بھی چکا ہے فراق و ظلمت ونور‘‘ یا پھر اقبال کے وہ اشعار ’’از خوابِ گراں، خوابِ گراں، خوابِ گراں خیز۔‘‘ ماتھے پر ہاتھ رکھ کر پیا رکرتے اور پھر میرے بالوں کو اُلٹی سمت میں پھیرتے۔ اپنے ماتھے پر ان کے مضبوط مگر شفقت بھرے ہاتھوں کا لمس آج بھی محسوس کرتا ہوں۔
جب ہم سب بہن بھائی اپنے اپنے گھروں میں رہنے لگے تو منصورہ کے فلیٹ میں قاضی صاحبؒ او رہماری والدہ اکیلے رہ گئے۔ فجر کی نماز کے بعد ہم ان دونوں کو اکٹھے بیٹھے قرآن مجید کا مطالعہ کرتے ہوئے پاتے۔ یہ ان کا روز کا معمول تھا۔ والدہ ان کے ساتھ بیٹھ کر قرآن پاک کا ترجمہ اور تشریح سنتیں اور پھر اکیلے میں اس سبق کو دُہراتیں۔ قرآن کے مطالعے سے فارغ ہونے کے بعد آغا جان روزانہ ایک گھنٹہ تیز رفتار میں چہل قدمی کرتے۔ دل کے آپریشن کے بعد یہ ان کی ضرورت بھی بن چکی تھی۔ قاضی صاحبؒ اپنی صحت اور دواؤں کے بارے میں غیرمحتاط نہ تھے۔ جب کبھی وہ اسلام آباد میں ہمارے گھر آتے یا جب ہم پشاور میں اپنے گھر میں اکٹھے ہوتے تو فجر کی مجالس وہاں بھی منعقد ہوتیں۔ قاضی صاحب کا طریقہ تھا کہ وہ درس کے دوران وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں سے سوال کرتے اورسب کا جواب سن کر پھر خود آیت یا شعر کا مطلب بیان کرتے۔ اپنے پوتوں اور نواسوں کو سکھانے کا بھی ان کا یہی طریقہ تھا۔ وہ ایک پیار کرنے والے مدرّس اور معلم تھے۔ قرآن کی تلاوت کرنے کا ان کا ایک مسحور کن انداز تھا جو اب بھی کانوں میں رس گھولتا ہے۔ تلاوت میں تجوید اور معانی کا خیال رکھتے اور اسی سے ان کے دل کی کیفیت بن جاتی۔ مجھے اکثر تلقین کرتے کہ منتخب سورتیں اور قرآن کے اجزا حفظ کرلو کیونکہ جو لوگ کسی بھی حد تک قیادت کررہے ہوتے ہیں، ان کے لیے مناسب نہیں ہے کہ ان کا حفظ صرف قرآن کی آخری چند سورتوں تک محدود ہو۔
ایک مغربی خاتون صحافی نے مجھ سے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں قاضی صاحبؒ کی شخصیت کا سب سے امتیازی پہلو کیا تھا؟ میرے خیال میں قاضی صاحبؒ کی سب سے بڑی امتیازی خصوصیت محبت تھی۔ وہ ایک سچے عاشقِ رسولؐ تھے۔ عشقِ رسولؐ ان کی تربیتی تقاریر کا ایک لازمی جزو تھا۔ اقبالؒ کے وہ اشعار جو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق تھے، قاضی صاحبؒ کو ازبر تھے۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو شخص سچا عاشقِ رسولؐ ہوتا ہے، اس کی شخصیت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کی کوئی خوبی ضرور جھلکتی ہے۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ٹوٹ کر محبت کرتا ہو اور وہ رحمت، مؤدت اور محبت کی صفت سے محروم ہو۔ آغا جان کی شخصیت پر یہ اللہ کا خاص انعام تھا کہ وہ انتہائی محبت کرنے والے فرد تھے او ریہ محبت تمام انسانوں کے ساتھ بلاامتیاز تھی۔ وہ کبھی کسی انسان سے نفرت نہیں کرتے تھے اور غیرمسلموں سے بھی محبت سے پیش آتے تھے۔ سب کا یکساں احترام کرتے تھے۔ ان کے ساتھ چند لمحے گزارنے والا شخص بھی ان کی شخصیت کا ایک مثبت تاثر دل میں لے کر جاتا۔ محبت دعوتِ دین کاکام کرنے والے ایک داعی کی بنیادی صفت ہے کہ وہ اس کے بغیر دلوں کو اپنی دعوت کی جانب کیسے مائل کیا جاسکتا ہے؟ ’’اُدْعُ اِلیٰ سَبِیْلِ رَبِّک بِِالحکمَۃِ وَالمَوعِظَۃِ الحَسَنَۃِ وَجَادِلھُم بِالَّتِیْ ھِیَ أَحْسَنُ، اِنَّ رَبَّکَ ھُوَ اَعْلَمُ بِمَنْ ضَلَّ عَنْ سَبِیْلِہٖ وَھُوَ اَعْلَمُ بِالْمُھْتَدِیْنَo‘‘
ترجمہ: ’’اے نبی! اپنے رب کے راستے کی طرف دعوت دو، حکمت اور عمدہ نصیحت کے ساتھ، اور لوگوں سے مباحثہ کرو ایسے طریقے پر جو بہترین ہو۔ تمہارا رب ہی زیادہ بہتر جانتا ہے کہ کون اس کی راہ سے بھٹکا ہوا ہے او رکون راہِ راست پر ہے۔‘‘
یہی وجہ ہے کہ آغا جان کے جنازے میں جہاں ہزاروں مسلمانوں کی آنکھیں اشکبار تھیں، وہاں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے افراد بھی محبت اور احترام کے ساتھ موجود تھے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانیت کے لیے اللہ کے رسولؐ بناکر بھیجے گئے تھے اور حضورؐ کے بعد ان کی اُمت نے بھی یہ فریضہ سرانجام دینا ہے۔
قُلْ یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ اِنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ اِلَیْکُمْ جَمِیْعًانِ الَّذِیْ لَہٗ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ، لَآ اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ یُحْیٖ وَیُمِیْتُ، فَاٰمِنُوْا بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ الَّذِیْ یُؤْمِنُ بِاللِّٰہ وَکَلِمٰتِہِ وَاتَّبِعُوْہُ لَعَلَّکُمْ تَھْتَدُوْنَo
ترجمہ: اے محمدؐ، کہو کہ ’’اے انسانو! میں تم سب کی طرف اس خدا کا پیغمبر ہوں جو زمین اور آسمانوں کی بادشاہی کا مالک ہے، اس کے سوا کوئی خدا نہیں ہے۔ وہی زندگی بخشتا ہے اور وہی موت دیتا ہے۔ پس ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے بھیجے ہوئے نبی اُمی پر جو اللہ اور اس کے ارشادات کو مانتا ہے، اور پیروی اختیار کرو اس کی، اُمید ہے کہ تم راہِ راست پالوگے۔‘‘
قاضی صاحبؒ نے نوجوانی میں ہی اپنی زندگی کا نصب العین متعین کرلیا تھا۔ وہ اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے اپنی زندگی وقف کرنا چاہتے تھے او رزندگی کا ہر لمحہ آخری سانس تک اسی نصب العین کے حصول کے لیے ہر ممکن طورپر استعمال کیا۔ ان کے وقت میں اللہ نے برکت دی تھی او روہ اپنا وقت کبھی ضائع نہیں کرتے تھے، بلکہ فرصت کے چند لمحے بھی میسر ہوتے تو اسے کسی مقصد کے لیے استعمال کرتے تھے۔ مصروف زندگی کے باوجود اپنے تمام احباب اور رشتہ داروں کے لیے بھی وقت نکالتے اور اپنے کاروبار کی طرف بھی توجہ کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کو ایک متوازن انداز میں ترتیب دیا تھا۔ ان کو اپنی ترجیحات کا ٹھیک ٹھیک اندازہ تھا اور اولین ترجیح دعوتِ دین کی جدوجہد تھی۔ وہ ایک مطمئن نفس کے مالک تھے اور ساری زندگی کوئی ترغیب، لالچ یا خوف انہیں اپنے نصب العین سے ہٹانہ سکی۔
میری زندگی کا مقصد تیرے دیں کی سرفرازی
میں اسی لیے مسلماں، میں اسی لیے نمازی
وہ خود اپنے مضمون ’’اقبالؒ کا پیغام، اُمت مسلمہ کے نام‘‘ میں لکھتے ہیں: ’’اگر ایک انسان اپنے آپ کو، اپنے رب کو اور اپنے مقام کو پہچان لے تو اس کے بعد اللہ کی طاقت، نصرت اس کے شامل حال ہوجاتی ہے۔ خودی اور موت کا فلسفہ بیان کرتے ہوئے اقبال کہتے ہیں:
خودی ہے زندہ تو ہے موت اِک مقامِ حیات
کہ عشق موت سے کرتا ہے امتحانِ ثبات
موت بھی زندگی کا ایک مقام ہے۔ دنیا کی موت آخری منزل نہیں ہے۔ حیات اس کے بعد بھی جاری ہے۔ دنیا کا اُفق اس کو ختم نہیں کرتا۔ حیات کا تسلسل موت کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔ ہر مؤمن اس پر یقین رکھتا ہے۔‘‘
تمام احباب سے ان کے حق میں دُعا کی درخواست ہے۔
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
nn

حصہ