کچھ ادھر کچھ ادھر سے ٹرمپ اور عالمی ردعمل

314

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر دنیا بھر میں ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ایران نے امید ظاہر کی کہ نئے امریکی صدر جوہری معاہدے پر کاربند رہیں گے۔ روسی صدر نے کہا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے دل سے تیار ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر عالمی صورت حال کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے سیاسی مراسم نہیں ہیں تاہم امریکا کو عالمی برادری سے کیے گئے معاہدوں پر عمل کرنا چاہیے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لیو کینگ کا کہنا تھا کہ نئے امریکی صدر سے مستحکم اور خوشگوار تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلری کے مقابلے میں ٹرمپ بہتر انسان ہیں، وہ روس کے لیے نیک اور اچھے جذبات رکھتے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اچھی نوید لائے گی۔ اسرائیل نے ٹرمپ کی کامیابی کو اپنے لیے نیک شگون قرار دیا، جبکہ حماس نے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کی پالیسی پر نظرثانی کریں۔
برطانیہ اور آسٹریلیا نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی۔ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوئٹر پر پیغام دینا ہی مناسب سمجھا اور کہا کہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔
*۔۔۔*۔۔۔*
ٹرمپ کی جیت
ٹرمپ کی جیت۔۔۔ ممکنہ طور پر امتِ مسلمہ کے لیے ایک تازیانہ ہو۔ اب شاید وہ خواب غفلت سے بیدار ہوجاٰئے۔۔۔
’’اپنی دنیا آپ پیدا کر اگر زندوں میں ہے
سر آدم ہے، ضمیر کن فکاں ہے زندگی
بندگی میں گھٹ کر رہ جاتی ہے اک جوئے کم آب
اور آزادی میں بحرِ بے کراں ہے زندگی
یہ گھڑی محشر کی ہے تُو عرصۂ محشر میں ہے
پیش کر غافل، عمل کوئی اگر دفتر میں ہے‘‘
(انوار احمد شاہین، کراچی)
*۔۔۔*۔۔۔*
پاکستانی تبصرہ نگار
امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر۔۔۔ پاکستانی تبصرہ نگار امریکی عوام پر تنقید کرتے ہوئے۔۔۔ یہ کیوں نہیں سوچتے کہ۔۔۔ ان کی اپنی پاکستانی قوم نے کون سے ’فرشتے‘ منتخب کرائے ہوئے ہیں۔۔۔
(طارق حبیب، اسلام آباد)
پاکستانی میڈیا
میڈیا پر بیٹھے ہوئے تجزیہ نگاروں نے تو جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔ انہوں نے ہیلری کلنٹن کو صدر بنادیا تھا۔ حالانکہ لاس اینجلس ٹائم نے کہہ دیا تھا کہ امریکیوں میں انتہا پسندی بڑھی ہے اور ٹرمپ صدر بنے گا۔ پاکستان میں صحافت کا مطلب کمائی ہے اور عوام کا بیڑا غرق ہو۔ میں نے جیو اور اے آر وائی کے سارے پروگرام سنے، کسی نے بھی امریکی انتخاب کا پس منظر یا امریکا کے موجودہ حالات پر بات نہیں کی۔
(حفیظ فاروق، شکارپور)
*۔۔۔*۔۔۔*
امید صرف اللہ سے
ہمیں کسی امریکی صدر سے امید نہیں رکھنی چاہیے۔ بس اللہ پر بھروسا کرنا چاہیے، اور یہ لوگ جو امداد دیتے بھی ہیں وہ حکمران ہڑپ کرتے اور اپنے اکاؤنٹس باہر کے ملکوں میں رکھتے ہیں۔
(فاروق یوسف زئی، پشاور)
*۔۔۔*۔۔۔*
ٹرمپ اور پاکستان
ٹرمپ کا صدر بننا پاکستان کے لیے بہت مبارک ثابت ہوا ہے، اس بات پر ہم ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ٹرمپ کے صدر بنتے ہی پاکستان میں تبدیلی آ گئی ہے۔ (1) 14 سال سے سندھ پر مسلط رہنے والے گورنر کو تبدیل کردیا گیا ہے اور 79 سالہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا گورنر بنا دیا گیا ہے۔ (2) عدالت نے خواجہ آصف کو این اے 110 والی اپنی سیٹ پر جم کر بیٹھنے کا فیصلہ دے دیا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہورہے ہیں۔ (اس مداخلت پر پی ٹی آئی ٹرمپ کے خلاف دھرنے دے گی۔ ترجمان پی ٹی آئی) (امتیاز بٹ، لاہور)
*۔۔۔*۔۔۔*
امریکا میں مظاہرے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر موجود ہر قسم کے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیے گئے ہیں اور اب ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات والے صفحات پر دوسرے لنک ڈال دیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر مسلم مخالف بیانات والے صفحات صدارتی الیکشن والے روز 8 نومبر کی صبح تک موجود تھے، لیکن اسی رات انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ان صفحات کو ہٹا دیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کئی متنازع اور نسلی امتیاز پر مبنی بیانات دیے اور خاص طور پر انہوں نے مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی، مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے زیادہ زور امیگریشن پر دیا اور اپنے متنازع اور سخت گیر خیالات کا اظہار کرکے انہوں نے پورے ملک میں ہیجان اور بے چینی پیدا کی، جبکہ خاص طور پر امریکا میں بسنے والے مسلمانوں میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔ (شکیل کیانی، مری)
*۔۔۔*۔۔۔*
امریکی عوام
ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بنتے ہی امریکا میں مظاہرے پھوٹ پڑے اور ہزاروں افراد نے ٹرمپ ٹاور کا گھیراؤ کرکے نومنتخب صدر کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تاریخ میں منتخب ہونے والے متنازع ترین صدر ٹرمپ کے خلاف امریکی ریاستوں اوریگا، نیویارک، ٹیکساس، ٹینیسی میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ نیویارک میں ہزاروں افراد ٹرمپ ٹاور کے گرد جمع ہوئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جبکہ اس موقع پر مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔ مظاہرین کی جانب سے نعرے لگائے گئے کہ ’ٹرمپ ان کے صدر نہیں‘۔۔۔ جبکہ مظاہرین نے ٹرمپ کے اشتعال انگیز بیانات پر بھی تنقید کی، امریکی عوام نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ وہ نفرت نہیں بلکہ محبت چاہتے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ تارکین وطن کو روکنے کی کوشش نہ کریں، وہ اپنی سرحدوں پر کوئی دیوار نہیں چاہتے اور ایسی کسی بھی کوشش کو عوام ناکام بنا دیں گے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوام متحد ہوکر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ ادھر فلاڈیلفیا میں مظاہرین سٹی ہال کے باہر جمع ہوئے اور ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ٹرمپ اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد میں غیرمقبول ہیں اور ان کی کامیابی سے اعتدال پسند حلقوں کو صدمہ پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ سان فرانسسکو میں بھی طلبہ نے احتجاجاً کلاسوں کا بائیکاٹ کردیا اور سڑکوں پر آکر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے۔
دوسری جانب آج امریکی صدر بارک اوباما اوول آفس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کریں گے اور انہیں صدر کی ذمے داریوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ اپنی تجاویز بھی دیں گے۔ صدر اوباما اور ہیلری کلنٹن پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹرمپ کو اقتدار کی منتقلی ہموار طریقے سے کی جائے گی۔ (عبدالوہاب ترین، اسلام آباد)
*۔۔۔*۔۔۔*
ٹرمپ کا شکریہ
بے شک! ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف ہے مگر اس نے کھل کر اس بات کا اظہار کیا ہے۔ باقی جتنے بھی امریکی صدر گزرے ہیں انہوں نے بظاہر مسلمانوں کی حمایت کا نعرہ لگایا مگر اندر ہی اندر لاکھوں مسلمانوں کا قتلِ عام کرتے رہے۔ لہٰذا اِس لحاظ سے ڈونلڈ ٹرمپ ان سے بہتر ہے کیونکہ کتا بھونک رہا ہو تو اس سے بچا جا سکتا ہے، مگر جو خاموش ہو اس کا ڈر ہی رہتا ہے کہ پتا نہیں کاٹ ہی نہ لے۔ (علشبا کاظمی، لاہور)
*۔۔۔*۔۔۔*
امریکا یا پاکستان
بہت افسوس ہے اس بات پر کہ امریکا میں انتخابات ہوئے اور ہم پاکستانی اپنے پیارے ملک میں پریشان ہیں کہ اب امریکا کا یہ صدر کیا کرے گا؟ پاکستان کے ساتھ ہم مسلمانوں کا ایمان اور یقین اتنا کمزور ہے کہ اللہ تعالیٰ سے مدد نہیں چاہتے اور امریکا سے مانگتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پر یقین کرو، ایمان مضبوط کرو، رزق دینے والا واحد اللہ تعالیٰ ہے، امریکا نہیں۔ ڈرنا ہے تو اللہ تعالیٰ سے ڈرو، امریکا سے نہیں۔ (محمد خان، بحرین)
*۔۔۔*۔۔۔*
اب تو امریکا کا پیچھا چھوڑدو، میڈیا والو! کون پریذیڈنٹ بنا، کون نہیں بنا، ہمیں کیا لینا دینا! کبھی ان لوگوں نے اتنا انٹرسٹ لیا ہمارے ملک کی پولیٹکس میں؟
نہیں ناں۔۔۔ تو پھر کیوں ہم ایسا کر رہے ہیں۔۔۔!
(رضوان خان، کراچی)
*۔۔۔*۔۔۔*
کمال ہوگیا میڈیا والو۔۔۔
تم لوگوں نے تو مسلمانوں کو دلت قوم کا بنادیا اور ایسے خوش ہورہے ہو جیسے برہمن نے اچھوت کو برا کہنا چھوڑ دیا ہے۔
تم لوگ اللہ پاک کے بندے ہو اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہو، تم سے کفار کو ڈرنا ہے، تمہیں کفار سے نہیں۔۔۔
اپنی قوم کو ایسے ڈرا رہے ہو جیسے ہم لوگوں کے جینے مرنے کا تعین امریکا کو کرنا ہے۔ کچھ اللہ کا خوف کرو۔
جب دجال آئے گا تو تم لوگ تو فوراً اس پر ایمان لاؤ گے۔ اپنا آپ سیدھا ہوتا نہیں اور دھیان امریکا پر۔۔۔
(مرزا طارق وحید، راولپنڈی)
nn

حصہ