عالمی گائوں اور الیکٹرانک میڈیا

”عالمی گائوں“ کی اصطلاح مارشل میکلوہن نے وضع کی تھی، کیونکہ اُس نے ترسیلِ معلومات میں آنے والی تبدیلیوں کے سامنے جغرافیائی بندھنوں کی ٹوٹ پھوٹ دیکھ لی تھی۔ اس کے خیال میں معلومات اور اطلاعات جس رفتار سے سفر کرتی ہیں، اس سے لوگوں کے درمیان فاصلوں کی کمی و بیشی کا فیصلہ ہوتا ہے۔ نیز یہ نئی قربت اور ہمسائیگی دیہی طرزِ زندگی سے مشابہ تصور کی گئی، جہاں کے باسی بے گانگی کے بجائے ایک دوسرے کے دکھ سُکھ بانٹنا لازمی سمجھتے ہیں۔ لیکن پھر حسبِ معمول مغرب نے یہ اصطلاح اچک لی اور اس کا یکسر من مانا، غلط اور مخصوص استعمال شروع کردیا۔ اب اس کا مطلب یہ ہے کہ عالمی یک جہتی کے نام پر تیسری دنیا کے وسائل لوٹے کھسوٹے جائیں، اور دنیا کی اقوام گائوں کے واحد سفاک اور ظالم چودھری، وڈیرے یا خان اور اس کے پالتو غنڈوں کے سامنے مجبور اور بے بس بھیڑوں کی طرح زمین چاٹتی رہیں۔

صحافت اور الیکٹرانک میڈیا کے شعبوں کی نوعیت، افراد اور معاشرے پر ان کے اثرات کے حوالے سے مارشل میکلوہن نے گہرا اور بنیادی مطالعہ کیا ہے۔ میکلوہن کا طرزِ استدلال ایک عام قاری کے لیے، جو ان شعبہ جات سے پوری طرح باخبر نہ ہو، نسبتاً پیچیدہ اور ناقابلِ فہم ثابت ہوسکتا ہے۔ آسان لفظوں میں اُس کا کہنا ہے کہ: ’’ترسیلِ معلومات کا مخصوص ذریعہ اُن اسالیب کو متعین کرتا ہے کہ جن سے انسانی محسوسات اور تجربات کو ترتیب اور نظم دیا جاسکتا ہے۔ اس کا انحصار اُن مخصوص حواس سے ہے، جنہیں میڈیا حرکت میں لاتا ہے۔ اس بنیاد پر وہ صحافت یا اشاعتی میڈیا کو اعلیٰ سطح کا پُراثر اور گرم ذریعہ قرار دیتا ہے، کیونکہ یہ پڑھنے والے کو بصری اور انفرادی منطق اور شعور عطا کرتا ہے۔ چنانچہ قطعاً حیرت نہیں ہوتی کہ پرنٹ میڈیا ”انفرادیت اور قوم پرستی“ کو جنم دیتا ہے۔ اس کے برعکس ’’الیکٹرانک میڈیا‘‘ جو اپنی اصل میں کسی فرد کے مرکزی اعصابی نظام کی توسیع ہے، ایک ٹھنڈا اور نہایت پُراثر ذریعہ ہے، کیونکہ اس کی پست تر تصریح ناظر کو ’’جامع حال‘‘ میں پھنسائے رکھتی ہے اور بالآخر اس پر ہم رنگی اور عوامیت کا رنگ چڑھا دیتی ہے۔ میکلوہن اس کی متناقض نوعیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ ’’یہ ہمیں اتھاہ گہرائیوں تک ملوث ضرور کرتا ہے لیکن جوش و جذبے اور حرکت و عمل پر نہیں ابھارتا‘‘۔ بقول میکلوہن ہر ذریعہ ترسیل اپنا مخصوص انداز رکھتا ہے، جو دوسرے سے مختلف ہے۔
(طارق جان۔ ”سیکولرزم، مباحث اور مغالطے“)