شدید گرمی کے موسم میں پورے ملک میں یوم یکجہتی فلسطین کے تحت مظاہرے
غزہ میں اسرائیل کا ظلم و ستم سوا نیزے پر سورج کی تپش سے بھی زیادہ ہے۔ اسرائیلی جارحیت سے غزہ کی 20 لاکھ آبادی بے گھر ہوچکی ہے، پچاس ہزار سے زائد نہتے بے گناہ افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں مسلم اور غیر مسلم اس ظلم پر سراپا احتجاج ہیں لیکن اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کی ضد سے باز نہیں آرہا۔ پاکستان میں بھی اسرائیل کے ظلم و ستم کے خلاف مسلمانوں میں شدید غصہ ہے۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان شدید گرمی میں کئی روز سے دھرنا دیے ہوئے ہیں تاکہ مسلم قیادت کو جگایا جائے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لاہور، اسلام آباد، کراچی، راولپنڈی، گوجرانوالہ، بہاولپور، کوئٹہ، مردان، پشاور، جھنگ، گجرات، جیکب آباد، بدین، فیصل آباد، جہلم، خیرپور، مری، رحیم یار خان، دیر بالا، قمبر، نوشہرو فیروز، حافظ آباد، اوکاڑہ، سرگودھا، دیر پائین، میرپور خاص، لاڑکانہ، ننکانہ، ساہیوال، دادو، کشمور، چترال، لکی مروت، ڈجکوٹ، درگئی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوٹ ادو، خانپور، مستونگ، کہروڑ پکا، خانیوال، لورالائی، بورے والا، چشتیاں، کرک، ٹیکسلا، گوجر خان، نواب شاہ، لودھراں، ٹھٹہ، تھرپارکر، سکھر، بونیر سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جب کہ کراچی میں حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ہونے والا ملین مارچ تاریخی تھا جس میں مرد و خواتین کا سمندر اس بات کا غماز تھا کہ مسلم غیرت ابھی زندہ ہے، اگر مسئلہ ہے تو وہ مسلم قیادت کا ہے جو بزدلی، کمزوری اور غفلت کی نیند میں سر سے پائوں تک ڈوبی ہوئی ہے۔ دور دور تک کہیں بھی صلاح الدین ایوبی، ٹیپو سلطان اور محمود غزنوی جیسے سپہ سالار نظر نہیں آتے۔
اپوزیشن جماعت احتجاج کے سوا کچھ نہیں کرسکتی۔ جماعت اسلامی روزِ اوّل سے قبلہ اوّل کی حرمت کی پاسبان ہے جس نے اہلِ غزہ کے لیے وہ کچھ کیا جو بڑے بڑے شاہ اور حکومتیں بھی نہ کرسکیں۔ پاکستان سے اربوں روپے کی ادویہ، راشن، خیمے اور دیگر اشیائے ضرورت الخدمت کے پلیٹ فارم سے غزہ گئیں۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیمیں تک الخدمت نے بھیجیں۔ الغرض جو کچھ ایک جماعت کرسکتی تھی اس نے کردیا۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے جہاں اسپین، ناروے، آئرلینڈ کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا خیرمقدم کیا وہیں امریکہ کی پشت پناہی سے اسرائیلی قتل و غارت گری پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے منصورہ کے باہر بڑے احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی سفاکی سے اب دنیا اور عالمی عدالتِ انصاف کا ضمیر جاگ چکا ہے اور آزاد فلسطین کی آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں، وہ دن دور نہیں جب اسرائیل تباہ و برباد ہوجائے گا۔ امن کے علَم بردار امریکہ نے دنیا میں جنگ برپا کررکھی ہے کیونکہ وہ اپنی اسلحہ ساز کمپنیوں کا کام جنگ کی صورت میں جاری رکھنا چاہتا ہے۔ امیرالعظیم کا مزید کہنا تھا کہ حماس، فلسطینی مجاہدین، مائوں اور بہنوں کی بدولت عالمی ضمیر جاگا۔ ہمیں آزاد فلسطین کا حق دو وگرنہ مر جائیں گے غزہ نہیں چھوڑیں گے، شہادت کو سینے سے لگائیں گے۔ جو بیداری شہادتوں سے پیدا ہوئی ہے وہ اب آزادیِ فلسطین تک ختم نہیں ہوگی۔ مسلمانوں کا لہو حساب مانگ رہا ہے۔ جماعت اسلامی فلسطینیوں کی پشتی بان ہے جو اُن پر ظلم کرنے والوں پر زمین تنگ کردے گی۔
لاہور میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے ذکر اللہ مجاہد اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے بھی پُرجوش خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں اسرائیل کو شکست ہوگی۔ اسرائیل کی شکست سے جہاں امریکی سپر پاور کا جنازہ نکلے گا وہیں اسلام غالب آئے گا۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی فوج نہتے فلسطینیوں کی نسل کُشی کررہی ہے جب کہ امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے، عالمی برادری اس ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ بدقسمتی سے حقائق کے برعکس عالمی میڈیا اسرائیل کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ غیر جانب داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک بھی آگے بڑھیں اور نہتے، مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی چنگل سے آزادی دلائیں۔ فلسطینی اپنی ہی زمین پر قابض یہودیوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ عالمی برادری اور انٹرنیشنل میڈیا ان کو دہشت گرد کہنا بند کریں۔ عالمِ اسلام محض زبانی کلامی اقدامات سے آگے نہیں بڑھ سکا، اب وقت آگیا ہے کہ ان ظالموں کو ان کی زبان میں جواب دیا جائے۔ صہیونی فوج کی طرف سے اسکولوں، اسپتالوں، رہائشی آبادیوں، میڈیا دفاتر اور پانی سپلائی لائنوں پر بمباری کی جارہی ہے۔ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ عملی اقدامات کرے۔ دنیا کے امن کو برباد کرنے کے لیے ایک نئی جنگ میں جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ یومِ یکجہتی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ چاروں صوبوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے ہوئے، ریلیاں نکالی گئیں جن میں شہریوں نے شدید گرمی کے باوجود شرکت کی۔ مرکزی قیادت کے علاوہ ضلعی قیادتیں بھی سرگرم دکھائی دیں۔ احتجاجی مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ کی ناجائز اولاد اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے۔ خودمختار فلسطین ہی امن کا ضامن ہے۔ اگر دنیا میں امن چاہتے ہو تو فلسطین میں امن قائم کرنا ہوگا، ورنہ پوری دنیا کا امن و سکون تباہ ہوجائے گا۔