سہیل وڑائچ کا شمار ملک کے نام ور صحافیوں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے پروگراموں، کالمز اور کتابوں کے ذریعے اس ملک کی سیاست میں کھیلے جانے والے کھیل کو عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔ بہت کڑوے سوالات نہایت سادگی سے کرتے ہیں۔ اس دور میں سہیل وڑائچ تہذیب، اخلاق، شائستگی اور توازن رکھنے کا درس دیتے نظر آتے ہیں۔ کامیاب اور بااثر صحافی ہونے کے باوجود اتنے ہی سادہ نظر ہیں جتنے نظر آتے ہیں۔
”سہیل وڑائچ کہانی“ میں سہیل وڑائچ کی زندگی کے ہر گوشے کو بڑے طریقے اور سلیقے سے پیش کیا گیا ہے۔ سہیل وڑائچ کے حسب و نسب کی تفصیل و خاندانی پس منظر، بچپن کی خاموشی، لڑکپن اور نوجوانی کی شرارتیں، ابتدائی تعلیم، اسکول و کالج کے تجربات کو پیش کیا گیا ہے۔ دورانِ تعلیم وہ کس طلبہ تنظیم سے منسلک رہے، جامعہ کا سحر کیسے طاری ہوا، لاہور کیسے آئے، ایف سی کالج میں ملازمت کیسے ہوئی، وہ دور کیسا تھا، اس کے بعد کامیاب صحافتی زندگی، اتار چڑھائو، شب و روز پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔
کالم نگاری کیسے شروع کی؟ اس میدان میں اپنے آپ کو کیسے منوایا؟ ”کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے“ جیسا مخصوص لہجہ کیسے اپنایا اور متعارف کرایا؟ زندگی میں ٹھیرائو کیسے آیا؟ سخت سے سخت بات نرم لہجے میں کیسے بیان کرلیتے ہیں؟کن بڑی شخصیات کے انٹرویوز کے دوران کون سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ سیاست دانوں سے ملاقاتوں میں کن امور کو زیادہ تر گپ شپ کا حصہ بناتے ہیں؟ نواب زادہ نصراللہ خاں آج بھی ان کی پسندیدہ شخصیت کیوں ہیں؟ سہیل وڑائچ کا نکاح کس بڑی مذہبی شخصیت نے پڑھایا؟ دیانت و امانت میں مولانا شاہ احمد نورانی کو قدر کی نگاہ سے کیوں دیکھتے ہیں؟ نگران حکومتوں کی کیا ذمہ داری ہے، وہ کن باتوں کی پابند ہوتی ہیں؟ نگران حکومت کیا کرسکتی ہے اور کیا نہیں کرسکتی؟ سیاست دانوں کے بیرونِ ملک اثاثوں پر ان کی رائے کیا ہے؟ کس جماعت کے بارے میں نرم گوشہ رکھتے ہیں اور کس جماعت کو پسند نہیں کرتے؟ اور مذہبی جماعتوں نے سیاست میں آکر کیا کھویا، کیا پایا؟ پاکستان میں الیکشن کن خطوط پر ہوتے ہیں اور الیکشن جیتنے کے لیے کن امور کو پیش نظر رکھنا پڑتا ہے؟ بین الاقوامی امور چین، امریکہ، افغانستان، روس، انڈیا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات کس وجہ سے خراب اور ٹھیک رہتے ہیں؟ عدالتی نظام میں کیا خوبیاں اور کیا خامیاں ہیں؟ عدالتوں سے مرضی کے فیصلے کیسے کرالیے جاتے ہیں؟ دفاعی اداروں کو کن امور پر حکومت کی بات مان لینی چاہیے اور کن ایشوز پر ان کو حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے؟ یہ سب سوالات ”سہیل وڑائچ کہانی“ میں شامل ہیں۔
سہیل وڑائچ ایک محب وطن پاکستانی، رحم دل انسان اور مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کرنے والے انسان ہیں۔ خوب صورت سرورق کے ساتھ کتاب کو بہترین طبع کیا گیا ہے۔ یہ کتاب تعلیم یافتہ افراد کو اپنے مطالعے میں ضرور رکھنی چاہیے۔