منفی سوچوں کو کنٹرول کرنا ذہنی صحت کے لیے مفید

محققین کی رپورٹ کے مطابق مطالعے میں شریک کچھ شرکاء کے لیے ذہنی صحت میں درحقیقت اُس وقت بہتری نظر آئی جب انھوں نے مخصوص تربیت حاصل کی کہ مستقبل میں پیش آنے والے منفی واقعات کے بارے میں کیسے اپنے خوف یا خدشات کو رفع کیا جائے۔
مزید برآں مطالعے کے آغاز میں ذہنی صحت کی خراب علامات والے افراد نے آخری مرحلے تک مزید بہتری محسوس کی جب انہوں نے اپنے منفی خیالات پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا سیکھ لیا۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج میں MRC کوگنیشن اینڈ برین سائنسز یونٹ کے سینئر سائنس دان اور محققین کی ٹیم کے لیڈر مائیکل اینڈرسن نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ جب آپ پریشان کن یا منفی خیالات یا خدشات کو اپنے ذہن میں پیچھے دھکیلتے ہیں تو یہ آپ کے رویّے میں لاشعوری اثرات کی صورت میں واپس آتے ہیں اور آپ کے خوابوں، جذبات، محرکات اور چالوں تک کو متاثر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: تاہم یہ بات نیورو اور نفسیات کی سائنسز سے ملنے والے شواہد سے متصادم ہے، تمام ثبوت اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ناخوشگوار یا منفی سوچوں کو کم کرکے ذہنی صحت کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔