میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ 150 سے زائد ممالک میں اپنا نیا چینلز فیچر متعارف کرانے جارہی ہے۔چینلز ایک براڈ کاسٹ فیچر ہے جس کو سلیبریٹی اور اسپورٹس ٹیمیں اپنی اَپ ڈیٹس شیئر کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ فیچر ایک نئے اَپ ڈیٹس ٹیب پر ظاہر ہوگا جو دوستوں اور رشتے داروں سے کی جانے والی عمومی چیٹ سے علیحدہ ہوگا۔ میسجنگ ایپ نے جون کی ابتدا میں سب سے پہلے یہ فیچر سنگاپور اور کولمبیا میں متعارف کرایا تھا۔ لیکن بدھ کے روز میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے ایک پوسٹ میں فیچر کے عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی سطح پر واٹس ایپ چینلز متعارف کرانے جارہے ہیں اور ہزاروں نئے چینلز شامل کیے جائیں گے جن کو صارفین واٹس ایپ میں فالو کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ صارفین یہ چینلز نئے اَپ ڈیٹس ٹیب میں دیکھ سکیں گے۔ اس فیچر کو نیٹ فلکس جیسی کمپنیاں اپنے چینل کی صورت میں استعمال کرسکتی ہیں جس کو یک طرفہ نشریات کے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ چینل ہسٹری ہمیشہ کے لیے خودبخود ختم ہونے سے پہلے صرف 30 دنوں تک دستیاب ہوگی۔ ساتھ ہی ایڈمن چینل کو فالوورز کے لیے پرائیویٹ رکھنے کے لیے اسکرین شاٹ یا اَپ ڈیٹ کے فارورڈ کیے جانے کو بلاک بھی کرسکیں گے۔