فخرِ پاکستان

نوید اسلم ملک کی کتاب ’’فخرِ پاکستان‘‘ میں پاکستان کی تینتیس قابلِ فخر شخصیات کی داستانِ حیات و تجربات اور مشاہدات کو بڑی محنت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں ایسے پاکستانی شامل ہیں جنہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہوئے اپنے اپنے شعبے میں صرف اور صرف محنت اور لگن سے رکاوٹیں دور کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کیں۔ ان میں سے ہر ایک کی کہانی اُن نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو اسی راہ پر چل کر نام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

نوید اسلم ملک کی یہ کتاب نئی نوجوان نسل کے لیے ایک انمول تحفہ ہے، جس میں انہوں نے کامیاب زندگی کے تمام اصولوں اور کلیے قاعدوں کی وضاحت کی ہے اور اس مقصد کے لیے معاشرے کے انتہائی کامیاب انسانوں کی عملی زندگی کی مثالیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے تینتیس کامیاب شخصیات سے تفصیلی انٹرویو کرکے اُن راستوں کا سراغ لگایا ہے جن پر چل کر وہ کامیابی کی منزل پر پہنچے ہیں۔ مصنف ایک زیرک اور متحرک نوجوان ہیں، جو بہت سے اصلاحی، تدریسی اور تعمیری کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ وہ علم کی دنیا جیسے قابلِ قدر ادارے سے وابستہ رہے ہیں۔ کالم نگار بھی ہیں، بڑی شخصیتوں کے انٹرویو بھی لکھتے ہیں، مختلف تقریبات کے انعقاد اور فلاحی سرگرمیاں ان کی زندگی کا اہم جزو ہیں۔ وہ فکری اور عملی سطح پر نوجوانوں کو کامیاب عملی زندگی کی راہیں سجھانے میں مسلسل مصروف رہتے ہیں۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ عقل مند وہ ہے جو خود تجربات کرنے کے بعد سیکھتا ہے، اور بے وقوف وہ ہے جو اپنے تجربات سے کچھ نہیں سیکھتا۔

نوید اسلم کی یہ کتاب جہاں ارضِ پاک کے باصلاحیت لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا مظہر ہے، وہیں نوجوانوں کو اس حقیقت سے آشکار کرنے کی کوشش بھی ہے کہ کامیابی کیسے مل سکتی ہے۔ یہ کوشش بہت عمدہ ہے، اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔