سید سرفراز شاہ صاحب ہمارے ملک کے ایک معروف روحانی اسکالر ہیں۔ اسلام و روحانیت کا پیغام بہت آسان انداز میں سننے اور پڑھنے والوں تک پہنچانے کا فن اللہ نے ان کو ودیعت کیا ہے۔ ان کی دھیمے اور نرم لہجے میں کی گئی گفتگو، سننے والوں کے دلوں میں اتر جاتی ہے۔ شاہ صاحب کی آڈیوز، ویڈیوز اور کتابیں اصلاحِ ذات، خودشناسی اور رب اور بندے کے تعلق کو مضبوط کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔
قاسم علی شاہ کی ان سے پرانی عقیدت ہے۔ اُن کو سرفراز شاہ صاحب سے سیکڑوں سوال کرنے کے مواقع ملے۔ روحانیت، نجی اور پروفیشنل زندگی کے حوالے سے گاہے بہ گاہے وہ ان کی اصلاح کرتے رہتے ہیں۔ شاہ صاحب کی صحبت ان کے لیے نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ ان ہی ویڈیوز کو اب ایک کتاب کی شکل دی گئی تاکہ عام قارئین بھی اس سے استفادہ کرسکیں۔ یہ صرف چند نشستوں کا احوال ہے، ورنہ فہرست پڑھنے سے اندازہ ہوجائے گاکہ تمام چالیس نشستیں غیر معمولی علم اور تربیت کے پہلو سموئے ہوئے ہیں۔ سید قاسم علی شاہ شکریے کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی محبت اور کوشش سے قبلہ سرفراز شاہ صاحب کو ان نشستوں کے لیے آمادہ کیا، اور یوں اردو کے قارئین کے لیے تصوف کے موضوع پر ایک عظیم الشان کتاب منصہ شہود پر آئی۔ کم وقت میں قاسم علی شاہ فائونڈیشن نے ہماری علمی ضرورت کو بہت حد تک پورا کیا ہے۔ سرورق خوبصورت اور کاغذ عمدہ ہے۔ حروف خوانی بہت ہی محنت سے کی گئی ہے۔ہر صاحبِ علم کو اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔