واٹس ایپ نے اپنی غیرمعمولی تبدیلیوں کے بعد اپنے بی ٹا ورژن میں ایک نیا فیچر پیش کیا ہے جو ’واٹس ایپ یوزرنیم‘ کے نام سے سامنے آیا ہے۔ اس پر ماہرین اپنے اپنے انداز سے تبصرہ کررہے ہیں۔
یہ آپشن 2.23.11.15 ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ ایپ سیٹنگ میں جاکر پروفائل میں سے ’یوزرنیم‘ فیچر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس سے دو باتیں سامنے آتی ہیں، اوّل: شاید اب واٹس ایپ کے لیے فون نمبر کی ضرورت نہیں رہے گی۔ دوم: یوزرنیم کے نیچے آپ اپنا فون نمبر چھپا کر اپنی شناخت اوجھل رکھ سکیں گے۔ اس آپشن سے مشہور افراد فائدہ اٹھاسکتے ہیں جو اپنا نمبر ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ لیکن اس صورت میں واٹس ایپ کو بلاکنگ اور غیرضروری کال روکنے کے دیگر آپشن بھی بڑھانے ہوں گے۔
اگرچہ یہ ابتدائی مراحل میں ہے اور اس لیے کچھ کہنا درست نہ ہوگا۔ شاید اس کا مقصد فون نمبر چھپانا ہو، شاید پرائیویٹ روابط ہوں یا کچھ اور، تاہم یہ ایک بہترین فیچر ضرور ہوسکتا ہے۔ اس کی مزید تفصیلات جیسے ہی سامنے آتی ہیں ہم اپنے قارئین کو ضرور آگاہ کریں گے۔