پاکستان اپنوں کا زخم خوردہ

جولوگ کل تک پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہےتھے، جن سے بڑھ کر قوم کے درد میں تڑپنے والا کوئی نظر نہ آتا تھا، جو آج بھی زبان سے بہت بڑے ’’مجاہد ملت‘‘ بنے ہوئے ہیں، ان میں عظیم الشان اکثریت آپ کو ایسے افراد کی نظر آئے گی، جو پاکستان بننے کے بعد ہر زاویے سے اس کی کشتی میں سوراخ کیے جارہے ہیں۔ یہ رشوت خوریاں، یہ خیانتیں، یہ غبن، یہ قومی خرچ پر اقربا پروریاں اور دوست نوازیاں ، یہ فرائض سے غفلت ، یہ ڈسپلن سے گریز ، یہ غریب قوم کی دولت پر عیاشیاں ، جن کا ایک طوفان سا ہمارے نظام حکومت کے ہر شعبے میں برپا ہے، اور جس میں بہ کثرت چھوٹے اہل کاروں سے لے کر بہت سے عالی مقام حکام اور وزرا تک آلودہ ہیں، کیا یہ سب پاکستان کو مضبوط کرنے والی چیزیں ہیں؟ یہ دکانوں اور کارخانوں کی ناجائز تقسیم، جس کی بدولت ملک کی صنعت و تجارت کا بڑا حصہ نا اہل اور نا تجربہ کار ہاتھوں میں چلا گیا ہے، کیا یہ پاکستان کی طاقت کو مستحکم کرنے والی چیز ہے؟ [اور] یہ پبلک کا بالعموم حکومت کے ٹیکس ادا کرنے سے گریز کرنا،… وہ چیزیں ہیں جن سے پاکستان مضبوط ہو سکتا ہے؟ ملک ٔ[پاکستان] کے باشندوں کی اخلاقی حالت اس قدر گر چکی ہے کہ ہندوستان سے آنے والے مہاجرین کی لاشیں جب واہگہ اور لاہور کے درمیان پڑی سڑ رہی تھیں اور کیمپوں میں بھی موت کا بازار گرم تھا، اُس وقت 12 ، 13 لاکھ مسلمانوں کے شہر [لاہور] میں سے چند ہزار نہیں ، چند سو آدمی بھی ایسے نہ نکلے جو اپنے بھائیوں کو دفن کرنے کی زحمت اٹھاتے ۔ متعدد مثالیں ہمارے علم میں ایسی ہیں کہ کوئی مہاجر مرگیا ہے، اور اس کے عزیزوں کو نماز جنازہ پڑھنے کے لیے اجرت پر آدمی فراہم کرنے پڑے ہیں۔ یہاں تک بھی نوبت پہنچی ہے کہ [ پاک، بھارت ]سرحد کے قریب کسی گاؤں میں مہاجرین کو زمینیں دی گئیں اور مقامی مسلمانوں نے سرحد پار سے سکھوں کو بلا کر ان پر حملہ کرا دیا، تا کہ یہ بھاگ جائیں اور زمین ہمارے قبضے میں رہ جائے۔ حد یہ کہ قوم کی جو بیٹیاں ہندوستان کے ظالموں سے بچ کر آگئی تھیں، ان کی عصمتیں یہاں خود اپنے بھائیوں کے ہاتھوں محفوظ نہ رہ سکیں۔ اس قسم کے واقعات شاذ نہیں ہیں، بلکہ بکثرت ہمارے علم میں آئے ہیں، اور ان شرمناک جرائم کے مرتکب صرف عام شہدے ہی نہیں تھے … کیا اتنے شدید اخلاقی تنزل کے ہوتے ہوئے ، ہم یہ امید رکھ سکتے ہیں کہ کسی بڑی اندرونی یا بیرونی مصیبت کے مقابلے میں ہم مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہوسکیں گے؟ اور ایک یہ اخلاقی تنزل اپنے ملک کی تعمیر کے لیے ہماری کسی اسکیم کو کامیابی سے چلنے دے گا ؟