انٹرنیٹ کا باقاعدگی سے استعمال ڈیمینشیا کے خطرات کو کم کرتا ہے

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کا مسلسل استعمال ڈیمینشیا کے خطرات میں کمی لاسکتا ہے۔ جرنل آف دی امریکن گیریاٹرکس سوسائٹی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ بوڑھے افراد جو باقاعدگی کے ساتھ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں ان کے ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔تحقیق میں نیویارک یونیورسٹی کے محققین نے 50 سے 65 سال کے درمیان 18,154 افراد کو تقریباً آٹھ سال تک زیر معائنہ رکھا۔ ان افراد سے تحقیق کی ابتدا میں اور ہر دو سال کے وقفے سے ای میل بھیجنے، خریداری کرنے یا وقت صرف کرنے کے لیے انٹرنیٹ کے مسلسل استعمال کے متعلق پوچھا گیا۔ وہ افراد جنہوں نے ”ہاں“ میں جواب دیا تھا اُن میں ”نہ“ کہنے والوں کی نسبت تحقیق کے آخر تک کسی بھی قسم کے ڈیمینشیا کی تشخیص ہونے کے امکانات 50 فی صد تک کم تھے۔سائنس دانوں کے مطابق ایسا ہونے کی وجہ ممکنہ طور پر یہ ہوسکتی ہے کہ انٹرنیٹ دماغ کو پہنچنے والے نقصان کے خلاف متحرک کرتا ہے۔ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ بوڑھے افراد نوجوانوں کی نسبت کم انٹرنیٹ استعمال کرتے تھے، اب اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کا مطلب ہے کہ زیادہ تعداد میں بوڑھے افراد انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کررہے ہیں۔تحقیق میں شریک ہر فرد سے پوچھا گیا کہ آیا وہ ای میل پیغامات بھیجنے یا وصول کرنے یا خریداری یا کسی دیگر غرض سے مستقل بنیادوں پر انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں یا نہیں۔ جن افراد کا جواب ہاں تھا ان کو مستقل صارف، جبکہ جن کا جواب نہ تھا ان کو غیر مستقل صارف قرار دیا گیا۔