الخدمت، پیما اور گل اسپتال کے رضاکاروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
دردِ دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں
اللہ تعالیٰ نے حضرتِ انسان کو کائنات کی ساری مخلوق پر فوقیت اور برتری اسی سبب سے عطا کی ہے کہ وہ احساس، شعور اور دوسروں کے لیے دردِ دل رکھتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ’’اشرف المخلوقات‘‘ کے منصب پر فائز ہے۔ 23 اگست 2022ء سے شدید ترین اور ہولناک بارشوں کا جو لگاتار سلسلہ شروع ہوا وہ بلاتعطل کئی روز تک جاری رہا۔ بارش اتنی زیادہ اور اس قدر تواتر سے ہوئی کہ نہ صرف ہر طرف جل تھل ہوگیا بلکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ ضلع جیکب آباد بھی بارش کے اس شدید سلسلے سے بہت بری طرح متاثر ہوا۔ سیکڑوں گھر مسمار ہوگئے اور لاکھوں ایکڑ پر محیط کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ہزاروں مرد و خواتین بے گھر ہوکر جائے امان کی تلاش میں در بہ در بھٹکتے دکھائی دیے۔ کسی کو تو جائے پناہ میسر آگئی لیکن بڑی تعداد مناسب رہائش سے محروم رہی اور اسے کھلے آسمان تلے یا خیموں میں بے حد کٹھن اور مشکل حالات میں اپنے تلخ شب و روز گزارنے پر مجبور ہونا پڑا۔ روڈ، راستوں پر، اور ہر طرف چار سے چھ فٹ تک پانی ہی پانی کھڑا دکھائی دیتا تھا جس کی وجہ سے ذرائع آمد و رفت بھی عملاً معطل ہوگئے تھے اور سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔ ہر جگہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے اب اس میں تعفن پیدا ہونے لگا تھا جس کے نتیجے میں وبائی اور جِلدی امراض پھیلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ غرض یہ کہ ایک طرح سے سچ مچ قیامتِ صغریٰ کا منظر دکھائی دیتا تھا۔ ہر ایک کو اپنی اپنی پڑی ہوئی تھی، ایسے میں سیکڑوں افراد گھر گرنے اور بیماریوں کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔ اتنی پریشان کن اور بے حد تشویش ناک صورتِ حال میں بھی جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن المعروف ’’پیما‘‘ اور گُل اسپتال جیکب آباد کے وابستگان اپنی اپنی پریشانیوں اور مسائل کو بالائے طاق رکھ کر متاثرینِ بارش اور سیلاب کی دن رات بے لوث خدمات سرانجام دینے میں ہمہ تن مصروف ہوگئے۔ بلاشبہ ان کا یہ کردار اور عمل تاریخ میں سنہری الفاظ سے تحریر کیے جانے کا سزاوار ہے، اور ان کا اجرِ عظیم بھی اللہ کے ہاں اِن شاء اللہ انہیں ضرور عطا ہوگا۔ اسی حوالے اور مناسبت سے گزشتہ چھے ماہ سے بارش متاثرین کی خدمت میں ہمہ جہت طور پر خود کو وقف کردینے والے الخدمت، پیما اور گُل میڈیکل اسپتال کے رضا کاروں، کارکنان، طبی عملے اور ڈاکٹروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے، ان کی بے لوث خدمات کا اعتراف کرنے، انہیں سراہنے اور شیلڈز، اعزازات عطا کرنے کی خاطر مذکورہ تمام گمنام ہیروز کو پیما، الخدمت اور گُل اسپتال جیکب آباد کی جانب سے بروز جمعۃ المبارک 10 فروری 2023ء کو تاج محل ہال میں مدعو کیا گیا تھا، جہاں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہونا تھا۔ اس تقریب کے روحِ رواں اور میزبان معروف ماہر امراضِ اطفال ڈاکٹر عبدالرشید عبدالوہاب میمن انچارج فلڈ اینڈ رین ریلیف 2022ء جیکب آباد تھے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان و سابق صدر پیما پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن تھے جو اپنی گوناگوں مصروفیات کو چھوڑ کر بطور خاص اس تقریب میں شرکت کے لیے لاہور سے تشریف لائے تھے۔ “Hidden Heroes” کے زیر عنوان اس تقریب میں ہر مکتبۂ فکر اور شعبۂ زندگی سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نظامت کے فرائض ضلعی صدر پیما ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن نے سرانجام دیے۔ تقریب مولانا شبیر احمد ٹھل کی تلاوتِ قرآن سے شروع ہوئی، جس کے بعد معروف ماہر امراضِ چشم ڈاکٹر محمد ہاشم قریشی نے ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے موضوع پر ایک بے حد پُراثر درس دیا۔ امیر ضلع دیدار لاشاری نے اپنے خطاب میں تمام مہمانانِ گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ضلعی صدر پیما اور تقریب کے میزبان انچارج گُل اسپتال جیکب آباد ڈاکٹر عبدالرشید عبدالوہاب میمن نے اپنے خطاب میں پیما، الخدمت اور گُل اسپتال کی بارش اور سیلاب متاثرین کے لیے بے لوث خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ جنگو اور کئی علاقے بارش میں ڈوب چکے تھے تب میں اپنی ذاتی گاڑی میں متاثرین کی خدمت اور علاج کی غرض سے نکلا اور پھر کارواں بنتا گیا۔ حاجی شیر محمد مغیری نے اپنی ایمبولینس اور ڈرائیور مع پیٹرول ہمارے لیے وقف کردیے۔ پیما کے ڈاکٹروں، الخدمت اور گُل اسپتال کے طبی عملے نے ہمارا ہر ہر قدم پر بھرپور ساتھ دیا۔ ڈاکٹر اشفاق شیخ اور دیگر ڈاکٹروں نے اس حوالے سے بے مثال اور یادگار خدمات سرانجام دیں۔ ہزاروں مریضوں کا طبی معائنہ کرکے انہیں مفت ادویہ، منرل واٹر، مچھر دانیاں اور بسکٹس وغیرہ بھی دیے گئے۔ ہماری خدمات ضلع جیکب آباد اور بلوچستان کے ضلع جعفر آباد، صحبت پور، ڈیرہ اللہ یار، ڈیرہ مراد جمالی تک وسیع ہوگئی تھیں۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن مرکزی صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے اپنے کلیدی اور خصوصی خطاب میں اپنی تنظیمی مصروفیات، ترکیہ اور شام کے حالیہ زلزلہ متاثرین کے لیے الخدمت کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاحال ہم نے اس حوالے سے دس کروڑ روپے اور خیمے بھیجے ہیں۔ ترکیہ میں 41 ڈاکٹر اور درجنوں رضاکار روانہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سابق صوبائی صدر پیما سندھ اور بانی گُل اسپتال جیکب آباد معروف ماہر امراضِ اطفال مرحوم ڈاکٹر عبدالوہاب میمن کی دکھی انسانیت کے لیے سرانجام دی گئی گراں قدر خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی ماضی میں زلزلہ زدگان بالاکوٹ اور آزاد کشمیر، اور 2010-11ء کے سیلاب متاثرین کے لیے سر انجام دی گئی خدمات، اور ہر سال طبی کیمپ، آنکھوں کی بیماریوں اور علاج کے لیے ان کی کاوشیں اِن شاء اللہ مرحوم کے لیے توشۂ آخرت ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر انہوں نے ایک ارب روپے کی مالیت سے جیکب آباد میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے ’’آغوش سینٹر‘‘ اور بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں الخدمت اسپتال کی تعمیر اور قیام کے بارے میں شاندار اسکیموں کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 3 ایکڑ پر محیط آغوش سینٹر کی زمین محترمہ ملیحہ سومرو ہمشیرہ محمد میاں سومرو سابق نگراں وزیراعظم نے دی ہے جہاں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کا اعلیٰ انتظام ہوگا۔ جعفرآباد کے صحت مرکز میں تمام آپریشن اور بیماریوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ اِن شاء اللہ مذکورہ شاندار منصوبوں پر بہت جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔
اس موقع پر گزشتہ برس متواتر ہونے والی تباہ کن بارشوں سے پیدا ہونے والے آلام اور مصائب کے بارے میں ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس دوران 39,915 مریضوں کا علاج اور انہیں دوائیں و دیگر ضروریاتِ زندگی مہیا کی گئیں جس میں ترکیہ، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ سے بھی مدد فراہم کی گئی۔
صادق ملغانی نے الخدمت جیکب آباد کی خدمات کی رپورٹ پیش کی۔آخر میں پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام تھا۔