سید اکبر حسین رضوی (1846ء۔ 1921ء) لسان العصر اکبر الٰہ آبادی کے نام سے زیادہ مشہور ہیں۔ پہلے وکالت کی اور پھر مختلف عدالتوں میں منصف کی حیثیت سے کام کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہوئے، پھر ہائی کورٹ کی ججی بھی پیش ہوئی، مگر آنکھوں کی تکلیف کے باعث اسے قبول نہ کیا۔ علامہ اقبال، اکبر کے زبردست مداح تھے۔ ایک دور میں ان کے رنگ میں شاعری بھی کی۔ آپس میں تفاوتِ عمر کے باوجود مراسلت اور گاہے ملاقات بھی رہی۔ اکبر نے بھی اقبال کو اپنا روحانی دوست قرار دیا۔ دونوں کے ہاں مغربی تہذیب و ثقافت سے نفرت اور ملتِ اسلامیہ کے احیا کی تڑپ موجود ہے۔ ’’اسرارِ خودی‘‘ کی اشاعت سے جس علمی اور قلمی جنگ کا آغاز ہوا، اُس کا اختتام بھی اکبر کی مشاورت اور مفاہمت سے ہوا۔
(پروفیسر عبدالجبار شاکر)