چین رقبے کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ چینی تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ چین نے پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا ہے جس سے پاکستان میں روزافزوں ترقی ہورہی ہے۔
نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر میجر جنرل محمد جعفر (ریٹائرڈ) دیباچے میں لکھتے ہیں:
’’میرے لیے یہ بات فخر کا باعث ہے کہ چین سے متعلق تحقیق پر مبنی پہلی بنیادی کتاب ’’چین دوستی‘‘ ہماری یونیورسٹی کے اساتذہ کرام بالخصوص ڈاکٹر عبدالواحد جو اس کتاب کے مدیر بھی ہیں اور دیگر اساتذہ و طلبہ کی باہمی کاوشوں اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نمل اور بیجنگ لینگویج اینڈ کلچر یونیورسٹی کی سرپرستی اور مالی اعانت کے نتیجے میں سامنے آگئی۔‘‘
نمل یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر عبدالواحد تونسوی ’’تمہید‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’یہ کتاب دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ چینی ثقافت، بودوباش، زبان، مراسم، اخلاقیات اور اقدار کے حوالے سے، جب کہ دوسرا حصہ چین کے مروجہ سیاسی نظام، حکومتی پالیسیوں اور چین کے نقطہ نظر سے جنوبی ایشیا کی افادیت و اہمیت کے بارے میں ہے۔‘‘
نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدر ڈاکٹر چانک وے ’’پیش لفظ‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’ہم نہایت پُرامید ہیں کہ اس کتاب سے چین کے بارے میں سمجھنے اور چینی تہذیب و تمدن کے بارے میں جاننے میں کافی مدد ملے گی‘‘۔
کتاب کے آخر میں مصنّفین کا تعارف دیا گیا ہے۔ کتاب عمدہ کاغذ پر چھپی ہے۔ اس کی زبان عام فہم اور سادہ ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب چین شناسی کے مقصد کو پورا کرے گی۔