ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیزی سے بڑھتا ہوا ڈیجیٹل ڈیٹا دنیا کو ڈیٹا اسٹوریج کے بحران میں دھکیل سکتا ہے، 2025ء تک صارفین کے ڈیٹا میں 300 فی صد تک اضافہ متوقع ہے اور اس مقدار کو ذخیرہ کرنے کے لیے کلاؤڈ میں مطلوبہ گنجائش موجود نہیں۔یہ انتباہ برطانیہ کی ایسٹن یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جو اس کوشش لگے ہوئے ہیں کہ ڈیٹا کے لیے ایک ایسا طریقہ کار وضع ہو جس میں مزید سرور شامل نہ ہوں کیوں کہ یہ سرور دنیا کی سالانہ بجلی کی پیداوار کا 1.5 فی صد حصہ استعمال کرتے ہیں۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے محققین کی ٹیم ایک نئی ٹیکنالوجی بنا رہی ہے تاکہ ایسی سطحیں متعارف کرائی جائیں جو پانچ نینو میٹرز سے کم کی چوڑائی رکھنے والے چینلز پر مشتمل ہوں۔منصوبے کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر میٹ ڈیری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ڈیٹا اسٹوریج ٹیکنالوجی میں بہتری لائے بغیر نئے ڈیٹا سینٹر بنانا کارگر حل نہیں ہے، ڈیٹا اسٹوریج کے بحران کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا ان امور کا تقاضا کر رہی ہے جن سے بہتر ڈیٹا اسٹوریج کے حل سامنے آئیں۔دنیا اس وقت ڈیجیٹل طرز زندگی میں جی رہی ہے جس سے بڑی مقدار میں ڈیٹا وجود میں آرہا ہے۔انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق 2019ء میں عالمی سطح پر ڈیٹا کا حجم 45 زیٹا بائٹ (ایک زیٹا بائٹ 10 کھرب گِیگا بائٹ کے برابر ہوتا ہے) تھا لیکن 2025ء تک یہ بڑھ کر 175 زیٹا بائٹ تک پہنچ جائے گا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اگر آپ یہ ڈیٹا ڈی وی ڈیز میں ذخیرہ کریں تو اس کے لیے آپ کے پاس سنگل لیئر بلیو رے ڈسکس اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوجائیں گی کہ آپ 23 بار چاند تک سفر کرسکیں گے یا ان کو 222 بار زمین کے گرد چکر لگواسکیں گے۔