یوٹیوب نے اپنی ایپ کے ڈیزائن، رسائی اور سہولیات میں کئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد اسکرین کو مزید واضح اور استعمال میں آسان بنانا ہے۔ دوسری جانب یوٹیوب نے پنچ زوم یعنی چٹکی سے زوم کی سہولت بھی پیش کی ہے جسے سراہا جارہا ہے۔ پنچ ٹو زوم آپش عین انسٹاگرام تصاویر کی طرح ہی ہے جس میں تصویر کو بڑا یا واضح کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس سے ویڈیو اسکرین کے مخصوص گوشوں کو زوم کرکے تفصیل سے دیکھا جاسکے گا۔ یہ آپشن سیکھنے والی ویڈیو یا پس مںظر میں موجود کسی شے کو دیکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔ دوسرا اہم آپشن سیکھنے سکھانے والی ویڈیو تک رسائی سے متعلق ہے۔ کھانا پکانے کی ویڈیو ہو یا پھر سائنسی تجربات… ویڈیو کے بعض حصے دیکھنے کی بار بار ضرورت پیش آتی ہے۔ اب یوٹیوب نے اسے بہت آسان بنادیا ہے۔ بس آپ ویڈیو کے اس حصے کو کھسکھاکر سوائپ کریں یا پھر گھسیٹیں، جس کے بعد کئی اہم تھمب نیل چھوٹی تصاویر کی صورت میں ظاہر ہوں گے اور ان میں سے آپ اس ویڈیو کے درست مقام کا انتخاب کرسکیں گے۔ دوسری جانب یوٹیوب نے امبیئنٹ موڈ متعارف کرایا ہے جو دیکھنے کے عمل کو مزید بہتر بناتا ہے۔ اس میں الگورتھم اسکرین کے پس منظر کے لحاظ سے ویڈیو کو اس طرح تبدیل کرتا ہے کہ آپ کی توجہ اس جانب ہی ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ شیئر، لائک، ڈاؤن لوڈ اور دیگر اقسام کے بٹن کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی گئی ہے تاکہ وہ کم سے کم مداخلت کی وجہ بنیں۔ اس کے علاوہ ہیش ٹیگ کا رنگ نیلے سے سفید کرنے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔