کتاب:سیرۃ خیر العباد
مصنف:منیر احمد خلیلی
صفحات:791 قیمت:1800 روپے
ملنے کا پتا:ادارہ مطبوعات سلیمانی۔ رحمن مارکیٹ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار لاہور
فون:
042-37232788
0321-4457582
اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی کو بہترین نمونہ قرار دے کر اہلِ اسلام کو آپؐ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کا حکم ارشاد فرمایا ہے۔ لہٰذا سیرتِ نبوی کو جانے بغیر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنا ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اتباع اور اطاعتِ رسولؐ کو لازم اور فرض قرار دیا ہے۔ اس لحاظ سے سیرتِ نبوی کا مطالعہ ازحد ضروری ہے تاکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات اور دیگر اوامر و نواہی کے ساتھ ساتھ آپؐ کی پسند و ناپسند کا علم ہوسکے۔
سیرۃ خیر العباد کے مصنف مقدمہ میں لکھتے ہیں:
’’الحمدللہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر میری کتاب سیرتِ خیرالعباد صلی اللہ علیہ وسلم مکمل ہوکر قارئین کے ہاتھوں میں پہنچ رہی ہے۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر چھ برسوں میں یہ میری تیسری کتاب ہے۔ ہاتھوں رعشہ آجانے کی وجہ سے کاغذ قلم متروک ہوچکے ہیں۔ میں نے ٹائپنگ نہیں سیکھی تھی لیکن لیپ ٹاپ پر لکھنا آگیا۔ اس لکھنے میں انگشتِ شہادت بروئے کار آتی ہے۔ اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ پانچ سال میں ’’سیرتِ سیدالابرار صلی اللہ علیہ وسلم‘‘، ’’تزکیہ نفس کیوں اور کیسے‘‘، ’’تکمیل مکارمِ اخلاق‘‘ اور ’’صبر و استقامت‘‘ لکھنے میں شہادت کی انگلی پر کیا گزر چکی ہوگی۔ ’’صبر و استقامت‘‘ کی تحریر میں یہ انگلی بالکل جواب دے گئی تھی اور میرا صبر بھی سخت امتحان میں پڑ گیا تھا۔ درد کی لہریں انگلی کی پور سے اٹھ کر کندھے تک پہنچ جاتی تھیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ وہ کتاب مکمل ہوکر چھپ گئی۔ میرا خیال تھا کہ اب مزید کوئی علمی و فکری کام نہ کرسکوں گا، لیکن اللہ تعالیٰ کی مشیت میں تھا کہ اس کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تذکرے کی راہ پر میرا سفر جاری رہے۔ گزشتہ سال رمضان المبارک میں اللہ کا نام لے کر ’’سیرتِ خیر العباد صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کا آغاز کیا تو اللہ تعالیٰ کی برکتوں کا نزول ہوا۔ ایسے لگا کہ کوئی تکلیف کبھی تھی ہی نہیں۔ گویا انگشت شہادت کو موضوع کی عظمت و شان سے آگاہی تھی۔ اس کتاب کی تکمیل میں پورا سال صرف ہوا۔ اس سرگزشتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑھ کر اور سن کر رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و شان، مقام و مرتبے اور راہِ حق میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جدوجہد کا ہمیں علم ہوتا ہے۔ ہمارے لیے یہ جاننا لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ہدایت پہنچانے ـ(باقی صفحہ33پر)
کے لیے اپنے جس رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث کیا وہ اپنے اخلاق اور کردار میں قیامت تک ساری انسانیت کے لیے ایک لائقِ تقلید نمونہ ہیں۔‘‘
سیرتِ خیر العباد صلی اللہ علیہ وسلم اہتمام سے شائع کی گئی بہت ہی شان دار کتاب ہے، حروف خوانی بہت محنت سے کی گئی ہے، گرد پوش بہت ہی خوب صورت ہے۔ اس دور میں جب کہ کاغذ کی قیمت روز بہ روز بڑھ رہی ہے، اس کتاب کی قمیت انتہائی کم اور مناسب رکھی گئی ہے۔ اللہ کرے اس کتاب کے ذریعے ہم عملی مسلمان بن جائیں۔ ہر مومن مسلمان کو اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔