کتاب:رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم
نبیِ رحمتؐ کے مکارم اخلاق و حسنِ معاملات
مصنف:ڈاکٹر رحمت الٰہی
صفحات:406 قیمت:600روپے
ملنے کے پتے
:
شعبہ ریاضی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد۔+92-333-5852585
کتاب سرائے الحمد مارکیٹ غزنی اسٹریٹ اردو بازار، لاہور0300-9401474
سیرت النبیؐ ایک ایسا موضوع اور عنوان ہے جس پر کائناتِ ارضی کے سیرت نگاروں اور قلم کاروں نے ہر دور، ہر زمانے میں محبت و عقیدت سے لکھنے کی کوشش کی ہے، مگر ہمیشہ ان کی تشنگی ہی رہی ہے۔ عالمِ دنیاکے شجر کاٹ کر قلم بنادیے جائیں اور بحرِ بے کراں کو سیاہی… اور اللہ کے پیغمبر، آمنہ کے نورِ نظر، سید البشر، شافع روزِ محشرصلی اللہ علیہ وسلم کے اوصافِ حمیدہ کو زیبِ قرطاس کیا جائے تو سمندر خشک ہوسکتے ہیں اور قلم ختم ہوسکتے ہیں مگر میرے سرور کونین، محبوب و مہ جبین، راحت العاشقین، سراج السالکین، رحمت اللعالمینؐ کی سیرتِ مطہرہ کا ایک باب بھی رقم نہ ہوگا۔
ڈاکٹر رحمت الٰہی ’’حرفِ اوّل‘‘ میں رقم طراز ہیں:
’’سیرتِ نبویؐ کے مطالعے کا مقصد محض یہ نہیں ہے کہ ایک مسلمان کو عہدِ نبویؐ میں پیش آنے والے تاریخی واقعات کا تفصیلی علم ہوجائے۔ بلکہ مطالعۂ سیرت کا اصل مقصد یہ ہے کہ مسلمان اسلامی احکامات کو نظریاتی طور پر سمجھ لینے کے بعد انہیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ میں نہ صرف عملی شکل میں دیکھے بلکہ زندگی کے ہر معاملے میں اس عظیم نمونے کو اپنے لیے دستورِ حیات بنالے، جسے جادۂ منزل بنانے کا حکم خود اللہ تبارک و تعالیٰ نے دیا۔ ارشاد فرمایا:
’’یقیناً ہر اُس شخص کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ایک بہترین نمونہ (اسوہ، رول ماڈل یا آئیڈیل) ہے جو اللہ اور یوم آخرت کی امید اور کثرت سے اللہ کو یاد کرتا ہو‘‘۔ (الاحزاب 21:33)
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اپنے رب سے آشنا کیا، تہذیب سکھائی، حلال و حرام کے بارے میں بتایا اور اچھی زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا۔ آپؐ کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی خواہشاتِ نفس کو ان کی لائی ہوئی شریعت کے تابع کردیں۔
میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جس نے مجھے تیسری قسم کی زمین سے نکالا اور دوسری حالت میں لے آیا، اور اب دعا کرتا ہوں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے ناموں کے وسیلے سے اپنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کو جذب کرنے کی توفیق بھی عطا فرمادے تاکہ مجھے بھی آپؐ کے انوارِ مبارکہ کا کچھ حصہ نصیب ہوجائے اور میں تاریکیوں میں بھٹک کر ہلاک ہونے کے بجائے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک امتی کی حیثیت سے آپؐ کی روشن شاہراہ پر چلتا ہوا زندگی گزاروں اور اسی راہ میں میری موت بھی آئے۔‘‘
کتاب بہترین سفید کاغذ پر شائع کی گئی، گردپوش بہت بہترین اور خوب صورت ہے، قیمت نہایت ہی مناسب رکھی گئی ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والے ہر فرد کو اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔