نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے کفالت کو خصوصی اہمیت دی ہے، پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے باپ کے سایے سے محروم ہیں اور کم و بیش اتنی ہی تعداد ایسے بچوں کی بھی ہے جنہیں ماں کی آغوش میسر نہیں ہے . الخدمت گلشن معمار میں آغوش ہوم ایک بڑا اور اہم پروجیکٹ ہے ،یہ کراچی کے لیے الخدمت کاایک بڑاتحفہ ہے،جہاں یتیم بچوں کو معیاری رہائش ،خوراک ،تعلیم اور تفریح کی بہترین سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔الخدمت آغوش ہوم گلشن معمار میں اقراء یونیورسٹی نارتھ کیمپس کے تعاون سے ،جبکہ الخدمت شعبہ تعلیم کے تحت اپنے تعلیمی اداروں میں ’’یوم آزادی‘‘ کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،جن میںبچوں نے وطن عزیز سے محبت اور عقیدت کا بھر پوراظہار کیا ۔اس موقع پرآغوش ہوم کے بچوں نے ملی نغمے ،ٹیبلوز ،اصلاحی خاکے پیش کیے۔ الخدمت کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے پروگرامات میں ملی نغمے ،تقریری اور کوئز مقابلے منعقد کیے گئے۔ تقریبات میں الخدمت آغوش ہوم کے منیجر مصعب بن خالد ،جماعت اسلامی کے رہنمااورالخدمت کے ذمے داران موجود تھے۔ اس موقع پر بچوں میںقومی پرچم کے رنگوں والی ٹی شرٹس ،بیجز ،قومی پرچم اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ آغوش ہوم پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا، بچوں کے ساتھ 10پونڈ کا پاکستانی پرچم کے رنگوں والا کیک کاٹا گیا ۔آغوش ہوم میں رسہ کشی، میوزیکل چیئر ،اسپون ریس سمیت دیگر مقابلے بھی منعقد کیے گئے ،بعد ازاں تقریراور ملی نغمے کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔دریں اثنا چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آزادی کا پیغام یہ ہے کہ بچے پڑھیں اور آگے بڑھیں ۔ نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ آغوش ہوم میں قیام پذیر باہمت بچوں کو ہر طرح کی سہولتیں فرہم کی جاتی ہیں ،جبکہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی سیرت وکردار کی بھی تعمیر کی جارہی ہے۔اس نسبت سے کہ یتیم کی کفالت کو نبی مہربانﷺ نے بھی خصوصی اہمت دی۔پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں الخدمت کا ساتھ دے۔
الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت بھی حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر اور دادو سمیت سندھ بھر میں موجود یتیم بچوں کے بیس سے زائد تربیتی مراکز، راشدآباد اور ہالہ میں موجود آغوش ہومز میں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔ گزشتہ برسوں کی طرح اِس سال بھی الخدمت کے زیرانتظام چلنے والے تمام اداروں میں شاندار تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں بچوں نے ٹبیلوز اور ملّی نغمے پیش کیے اور اپنی بھرپور صلاحیتوں اور ملک سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریبات آغوش ہالہ اور مہران آرٹس کونسل حیدرآباد میں منعقد کی گئیں جن کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری اور نائب صدر انجینئر عمرفاروق و دیگر ذمہ داران تھے۔ ان تقریبات میں بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ہالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کا انعام ہے، اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کی ضمانت ہیں۔ 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو تجدیدِ عہد کرنا چاہیے کہ خون کے آخری قطرے تک تحریکِ پاکستان کے شہدا اور قائداعظمؒ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اسلامی و خوشحال پاکستان کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں، وہ نظریہ پاکستان کے محافظ بنیں گے اور ایک دن دنیا دیکھے گی کہ یہی بچے کل اسلامی ریاست پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکولر و غلام حکمران ٹولے کی غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک مقروض ہے اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ سودی نظام معیشت، کرپشن اور آئی ایم ایف کی غلامی نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ پون صدی گزر جانے کے باوجود ملک اپنے قیام کے مقاصد سے دور ہوتا جارہا ہے۔ آج بھی ہماری عدالت سے لے کر پارلیمنٹ تک انگریز کا قانون چلتا ہے اور نظام معیشت سود پر قائم ہے جو کہ اللہ سے وعدہ خلافی اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کا اعلان ہے۔ پاکستان قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے قائم ہوا تھا۔ تحریکِ پاکستان کے نعرے ”پاکستان کا مطلب کیا… لاالٰہ الااللہ“ کا مطلب بھی یہی تھا۔ بدقسمتی سے انگریز خود چلے گئے مگر اپنے شاگرد حکمران ہم پر مسلط کرگئے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی، انگریزوں کے شاگردوں سے نجات اور شہدا کے خوابوں کی تعبیر کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، کیونکہ اب حل جماعت اسلامی ہے۔
ڈاکٹر تبسم جعفری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پوری قوم یک دل و یک جان ہوکر یومِ پاکستان جوش و خروش سے منارہی ہے، جبکہ دوسری جانب الخدمت کے رضاکار بارش کے متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کے لیے کوشاں ہیں۔ انجینئر عمرفاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی قیادت میں الگ وطن کا حصول ممکن بنایا جس نے ہمیں ایک نظریہ دیا اور ایک قوم بنایا۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کی بہترین تعلیم وتربیت کا اہتمام کیا جائے، اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن جیسے ادارے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی سماجی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ تقریبات میں ضلعی انتظامیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مؤثر افراد نے بھی شرکت کی۔