سی این بی سی کو انٹرویو میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اطمینان کا اظہار کیا کہ کورونا کے بدترین اثرات ختم ہورہے ہیں کیونکہ آبادی کے بڑے حصے میں اس مہلک وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہوگئی ہے۔ بل گیٹس نے مزید کہا کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون کی شدت میں بھی بہت کمی آئی ہے اور یہ اتنا ہلاکت خیز بھی ثابت نہیں ہوا جس سے اس بات کو تقویت ملی ہے کہ کورونا کے خلاف سماج میں مدافعت پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ دنیا کو نئی وبا کا سامنا ہوسکتا ہے۔ دنیا بھر میں پولیو مہم چلانے والے بل گیٹس نے نئی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اگر ابھی سے تحقیق اور تیاری کی جائے تو جلد آنے والی اس وبا سے لڑنا ممکن ہوجائے گا۔ بل گیٹس نے کورونا پر قابو پانے کی عالمی کوششوں کی تعریف کرنے کے بجائے کہا کہ وائرس جیسے جیسے معاشرے میں پھیلتا ہے ویسے ویسے اس کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہوتی جاتی ہے، اور اس رجحان نے ویکسین کے مقابلے میں قوتِ مدافعت پیدا کرنے میں زیادہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کورونا وبا کے باعث شدید بیماری کے خطرات جو بنیادی طور پر بڑھاپے، موٹاپے یا ذیابیطس کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں اب اس کے امکانات ڈرامائی طور پر کم ہوتے جارہے ہیں۔