مسلمانوں کی طاقت کا راز

’’تم نے تاریخِ اسلام کا سبق تو فراموش کرہی دیا ہے مگر دنیا کی جس قوم کی چاہو تاریخ اٹھا کر دیکھو تو تم کو ایک مثال بھی ایسی نہ ملے گی کہ کسی قوم نے محض سہولت پسندی اور آرام طلبی اور منفعت پرستی سے عزت اور طاقت حاصل کی ہو۔ تم کسی ایسی قوم کو معزز اور سر بلند نہ پائوگے جو کسی اصول اور ڈسپلن کی پابند نہ ہو، کسی بڑے مقصد کے لیے تنگی اور مشقت اور سختی برداشت نہ کرتی ہو۔ اگر اس کا حوصلہ تم میں نہیں ہے، اگر تم صرف نرمی اور کشادگی اور مٹھاس ہی کے متوالے ہو، اور کسی تنگی اور کسی کڑواہٹ کو گوارا کرنے کی طاقت تم میں نہیں تو اسلام کی قیدو بند سے نکل کر جہاں چاہو جاکر دیکھ لو، کہیں تم کو عزت کا مقام نہ ملے گا اور کسی جگہ طاقت کا خزانہ تم نہ پاسکوگے۔
(سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ)