سیالکوٹ:جعلی اور ممنوعہ ادویات کا گھنائونا کاروبار ڈپٹی کمشنر کی محکمانہ کارروائی کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ ڈرگ انسپکٹر روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل اسٹورز کی انسپکشن کریں گے، بغیر ڈرگ سیل لائسنس کے جعلی، ممنوعہ، زائدالمیعاد اور ان رجسٹرڈ ادویہ فروخت کرنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں۔ تمام ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے اور انتظامی افسران مہیا کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر کراس چیک کریں گے اور اس ضمن میں غفلت، تساہل اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع سیالکوٹ میں کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور جس ڈرگ انسپکٹر کے علاقے میں جعلی اور ممنوعہ ادویہ کا گھنائونا کاروبار ہوا اُس کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی، اور اس سلسلے میں کسی سے بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر ہیومین ریسورس راحیل بیگ، اراکین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسلم چودھری، سیکرٹری ڈی کیو سی بی حافظ محمد فیصل، میڈیسن ایکسپرٹ ڈاکٹر سعد، ڈرگ انسپکٹر سیالکوٹ نائلہ رفیق، ڈرگ انسپکٹر پسرور اشفاق احمد، ڈرگ انسپکٹر سمبڑیال حماد اشرف، اور ڈرگ انسپکٹر ڈسکہ شیخ اویس الیاس نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے اپنی اپنی تحصیلوں میں میڈیکل اسٹورز اور میڈیسن ڈسٹری بیوٹرز کی انسپکشن کے دوران بغیر ڈرگ سیل لائسنس، زائد المیعاد، ممنوعہ اور ان رجسٹرڈ ادویہ فروخت، اور ریکارڈ نہ رکھنے کی پاداش میں مجموعی طور پر 30 کیسز کی سماعت کی گئی۔