ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں اومیکرون سے ہلاکت کا امکان 91 فیصد کم ہوتا ہے، تحقیق

امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ’سارس کوو 2‘ وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہونے والوں کی نسبت اومیکرون ویرینٹ سے متاثر ہونے والوں میں موت کا امکان 91 فیصد کم ہوتا ہے۔ یہ تحقیق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایسے 70 ہزار افراد پر کی گئی جو ڈیلٹا یا اومیکرون ویرینٹ میں سے کسی ایک میں مبتلا ہوئے تھے۔ ان تمام افراد سے حاصل شدہ معلومات کے تجزیے سے پتا چلا کہ اومیکرون ویرینٹ کے متاثرین میں موت کا امکان، ڈیلٹا سے متاثر افراد کی نسبت 91 فیصد کم رہا۔
یہی نہیں بلکہ ڈیلٹا ویرینٹ میں مبتلا ہونے والوں کے مقابلے میں اومیکرون کے متاثرین کی حالت شدید خراب ہونے اور آئی سی یو میں داخل کرانے کی شرح 74 فیصد کم رہی جبکہ انہیں (ڈیلٹا متاثرین کی نسبت) 70 فیصد کم وقت کے لیے اسپتال میں قیام کرنا پڑا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس تحقیق کو بنیاد بناکر کورونا ویکسین لگوانے میں کوتاہی نہ کی جائے کیونکہ اومیکرون ویرینٹ اپنی بہت کم ہلاکت خیزی کے باوجود، ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور کئی گنا زیادہ افراد کو متاثر کرتا ہے۔ لہٰذا ہلاکت خیزی میں فیصد (شرح) کے لحاظ سے بہت کمی ہونے کے باوجود، اومیکرون ویرینٹ سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد پھر بھی خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔