گوجرانوالہ :محکمہ انسداد بدعنوانی کی کارروائی غبن میں ملوث ملزم10 سال بعد گرفتار

محکمہ انسداد بدعنوانی نے غیر قانونی طریقے سے درجنوں عمارتوں کی تعمیر کرواکے کنورشن فیس اور نقشہ فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے گریڈ 17 کے اشتہاری ملزم ٹی او پی اینڈ سی سید تحسین خیدر شاہ کو 10 سال بعد گرفتار کرلیا ہے۔ کھیالی شاہ پور میں تعینات ٹی او پی اینڈ سی سید تحسین خیدر شاہ کے خلاف عوامی شکایات پر نوٹس لے کر انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا، اور دورانِ انکوائری گریڈ 17 کا آفیسر اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہا، جس پر اس کے خلاف دھوکہ دہی اور کرپشن کے تحت مقدمے کا اندراج کرلیا گیا، لیکن بعد ازاں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی بجائے اس نے تفتیش کا سامنا کرنا بھی گوارا نہ کیا، اور اس طرح آفیسر کے خلاف جوڈیشل ایکشن کی منظوری دے کر کیس اینٹی کرپشن کی اسپیشل کورٹ میں بھیج دیا گیا۔ اس طرح مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے اسے اشتہاری قرار دے دیا۔ گزشتہ روز ضلع کچہری میں ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ صفی اللہ گوندل کی ہدایت پر سرکل آفیسر محمد یوسف اوجلہ نے ٹیم کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرکے اسے 10 سال بعد گرفتار کرلیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویژن صفی اللہ گوندل کے مطابق ڈی جی پنجاب گوہر نفیس کی ہدایت کے مطابق اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے آفیسر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔