پیارے اللہ، پیارے رسولؐ

کتاب
:
پیارے اللہ، پیارے رسولؐ
شاعر
:
محمد ایوب ساگر
ضخامت
:
94 صفحات قیمت:140روپے
ناشر
:
الفلاح اکیڈمی۔ 17 اپر مال اسکیم لاہور
فون
:
04235761829
ملنے کا پتا
:
آصف بک سینٹر۔ اردو بازار لاہور
بھٹی بک ڈپو مصطفی آباد لاہور
فون
:
0323-4594996
حمد و نعت ایک بہت بڑی سعادت ہے، جب تک اللہ تعالیٰ کی تائید اور توفیق حاصل نہ ہو یہ سعادت نصیب نہیں ہوتی۔
ایں سعادت بزور بازو نیست
تا نہ بخشد خدائے بخشندہ
محمد ایوب ساگر اس لحاظ سے خاصے خوش نصیب ہیں کہ خالقِ کائنات نے انہیں حمد اور نعت کہنے کی توفیق سے نہ صرف نوازا ہے بلکہ ان کی شاعری کا بڑا حصہ حمدیہ اور نعتیہ نظموں ہی پر مشتمل ہے، اور وہ بھی ننھے منے بچوں کے لیے مخصوص ہے۔ اب تک ان کی پندرہ کتب شائع ہوچکی ہیں، جن میں سے آٹھ حمد و نعت کے مجموعے ہیں۔ ان کا پہلا مجموعہ آج سے پینتالیس برس قبل 1976ء میں ’’گوہرِ انوار‘‘ کے نام سے شائع ہوا جو حمد و نعت پر مشتمل تھا، اور اب زیرنظر ’’پیارے اللہ، پیارے رسولؐ‘‘ کا بیشتر حصہ بھی بچوں کے لیے لکھی گئی حمدیہ اور نعتیہ نظموں ہی کا مجموعہ ہے۔ محمد ایوب ساگر کی دیگر سات کتب بھی معصوم بچوں کے لیے لکھی گئی اصلاحی نظموں کے مجموعے ہیں۔ وہ تعریف و توصیف اور صلے کی پروا کیے بغیر نئی نسل کو دین سے وابستہ رکھنے اور ان کی اصلاح کے مشن پر سرگرمی سے عمل پیرا ہیں، جو آج کے مادیت پرستی کے دور میں آسان کام نہیں۔
’’پیارے اللہ، پیارے رسولؐ‘‘ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے 45 صفحات میں 18 حمدیہ نظمیں شامل ہیں، دوسرے حصے میں نعتیہ نظمیں شامل کی گئی ہیں، ان کی تعداد بھی 18 ہی ہے، جب کہ تیسرے حصے میں 5 اسلامی نظمیں شامل ہیں۔ کتاب کا انتساب بھی پیارے پیارے اور ننھے منے بچوں کے نام کیا گیا ہے۔ ہر نظم سے پہلے خانہ کعبہ، مسجدِ نبویؐ اور نظم کے موضوع کی مناسبت سے تصویری خاکہ بھی شاملِ اشاعت کیا گیا ہے جو بچوں کی دلچسپی میں اضافے کا سبب ہے۔ کتاب میں شامل تمام نظمیں بچوں کی ذہنی سطح کو سامنے رکھتے ہوئے چھوٹی بحر میں کہی گئی ہیں، ان کی زبان نہایت آسان ہے اور
(باقی صفحہ 41پر)
مضامین سادہ اور عام فہم ہیں، تاکہ کم عمر بچے آسانی سے انہیں سمجھ اور ذہن نشین کرسکیں۔ کتاب خوبصورت رنگین سرورق سے آراستہ ہے، کتاب کا کاغذ سفید اور طباعت معیاری ہے، حروف خوانی بھی محنت اور توجہ سے کی گئی ہے، چنانچہ کتاب غلطیوں سے بڑی حد تک محفوظ ہے۔ توقع ہے کہ ابتدائی تعلیم کے مدارس اپنے کتب خانوں کو حمد و نعت اور اصلاحی نظموں کے اس مجموعے سے آراستہ کریں گے۔ کاغذ اور طباعت کے آسمان سے باتیں کرتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر کتاب کی قیمت بھی نہایت کم اور بچوں کی پہنچ میں رکھی گئی ہے۔