سیالکوٹ میں یومِ شہدائے جموں منایا گیا، تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سینئروزیر سردار تنویر الیاس خان نے اس تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے گزشتہ روز 6 نومبر 1947ء کے یومِ شہدائے جموں کی مناسبت سے لائن آف کنٹرول سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جموں کے مہاجرین کے بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، 22 کروڑ پاکستانی عوام اور 26 کروڑ ہندوستانی مسلمان 6 نومبر 1947ء کی سفاکی کو نہیں بھولے۔ فاشسٹ بھارت کے خلاف کشمیر سمیت بھارت کی مختلف ریاستوں میں جاری مسلح و سیاسی تحریکیں انہی قربانیوں کا تسلسل ہیں، جس کے نتیجے میں بھارت ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بدلتے سیاسی منظرنامے اور چین جیسی ابھرتی ہوئی طاقت کے بعد جنوبی ایشیا کا توازن خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے اکھنڈ بھارت کا خواب سراب میں بدل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کا نظریہ بحیرۂ ہند میں غرقِ آب ہوتا نظر آرہا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہجرت سنتِ رسولؐ ہے، نومبر 1947ء میں جموں سے پاکستان آنے والے تین لاکھ سے زائد افراد اور ان کی اولادیں ہمارا اثاثہ ہیں، ہم تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت ہر حوالے سے ان کی پشت پناہی کریں گے، اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق مہاجرین مقیم پاکستان کے تمام حلقوں میں مثالی ترقیاتی کام کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار، ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری ریاض، معاونِ خصوصی حافظ حامد رضا، صوبائی وزیر چودھری اخلاق، مشیر حکومت چودھری مقبول احمد، مشیر حکومت چودھری اکبر ابراہیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ 6 نومبر 1947ء کے شہدائے جموں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پورے پاکستانی اورکشمیری عوام ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی تسلط کے خاتمے تک جدوجہد کا سفر جاری رکھیں گے۔ عثمان ڈار نے سردار تنویر الیاس خان کا یوم شہدائے جموں کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ صاجب زادہ حامد رضا نے کہا کہ وادی کشمیر برسوں سے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں لہورنگ ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ چودھری اکبر ابراہیم نے کہا کہ نریندر مودی اور بھارتی افواج کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کررہے ہیں، جب لاکھوں کشمیریوں کو بھارت کی قابض افواج سے بے دخلی اور نسل کُشی جیسے اقدامات کا سامنا ہے تو عالمی برادری اس سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر چودھری مقبول گجر نے کہا کہ کشمیری مسلمان الحاقِ پاکستان کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، قابض بھارتی فوج اور جموں و کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں کے جذبۂ آزادی اور الحاقِ پاکستان کی خواہش کو دبا نہیں سکے ہیں، نہ کبھی دبا سکیں گے۔ تقریب میں چودھری اکمل سرگالہ، سردار مرتضیٰ علی احمد، سردار قاضی محمد اسرائیل، سردار امتیاز شاہین، راجا امتیاز طاہر اور دیگر بھی شریک تھے۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے جموں، شہدائے تحریک آزادیِ کشمیر، اور شہدائے پاکستان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔