فیصل آباد:پاکستان ریلوے مسافر ٹرینوں کی نجکاری کا اعلان

پاکستان ریلوے نے مزید 35 مسافر ٹرینوں کی نجکاری کرنے کا اعلان کردیا ہے اور مالی طور پر مستحکم پارٹیوں سے 15نومبر تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ چیف مارکیٹنگ منیجر پاکستان ریلوے کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات میں کہاگیا ہے کہ مسافروں کو سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں چلنے والی 35 مسافر ٹرینوں کی نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق خیبرمیل، بولان میل، گرین لائن، تیزگام، علامہ اقبال ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، اکبر بگٹی ایکسپریس، بہاء الدین زکریا ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، سبک رفتار، راول ایکسپریس، موسیٰ پاک ایکسپریس، راوی ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، کوہاٹ پسنجر، سکھر ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، اٹک پسنجر، راولپنڈی پسنجر اور چمن پسنجر ٹرینوں کو پرائیویٹ کیا جارہا ہے۔ 15نومبر کو نیلامی ہوگی۔ پاکستان ریلوے کی طرف سے راوی ایکسپریس کو دوبارہ بحال کردیا گیا جو کہ یکم نومبر سے لاہور تا شورکوٹ براستہ جڑانوالہ چلے گی۔ چیف آپریشن سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور تا ملتان کو کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کی طرف سے راوی ایکسپریس کو بحال کردیا گیا ہے۔راوی ایکسپریس یکم نومبر سے2بجے دوپہر شورکوٹ کینٹ سے روانہ ہوگی اور رات 8بج کر 35منٹ پر لاہور پہنچے گی، جبکہ مذکورہ پسنجر ٹرین کے لیے پیرمحل، کمالیہ، ماموں کانجن، کنجوانی، تاندلیانوالہ، روڈالہ روڈ، جڑانوالہ، بچیانہ، ننکانہ صاحب، واربرٹن، قلعہ شیخوپورہ، چیچوکی ملیاں، قلعہ ستارشانا، سن کالر، شاہدرہ باغ اور باداہ باغ کے اسٹاپ مقررہ کیے گئے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز آصف علی جنہوں نے 19ویں اوور میں افغانستان کے خلاف چار چھکے لگاکر پاکستان کو میچ میں کامیابی دلائی فیصل آباد کے سپوت ہیں۔ میچ جیتنے کی خوشی میں حکومت کی طرف سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آصف علی کی رہائش گاہ سمن آباد جاکر اُن کے والدکو بیٹے کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دیں، تاہم ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اُن کے والد کو اپنے دفتر میں ملاقات کی دعوت دی اور میڈیا کو باقاعدہ کوریج کی اطلاع دی گئی، مگر آصف علی کے والد نے ڈپٹی کمشنر آفس آنے سے معذرت کرلی جس پر تقریب ملتوی کردی گئی۔ شہریوں اور شائقین کرکٹ نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو آصف علی کے گھرجاکر اُن کے والدین کو مبارک باد دینی چاہیے۔