کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف میں مقابلہ ہوا۔ سیالکوٹ کے وارڈ نمبر 5 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عاطف منیر نے 1330 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
شہر کی دوسری بڑی سیاسی سرگرمی آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی آمد تھی۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا پسرور اور سیالکوٹ آمدپر فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ سیالکوٹ آمد پر کارکنان نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور تحریک انصاف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ڈپٹی اسپیکر چودھری ریاض گجر، مشیر چودھری مقبول گجر، معاون خصوصی حافظ حامد رضا بھی وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے سیالکوٹ میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ، لاہور، پسرور اور سیالکوٹ کے عوام نے لازوال محبت سے نوازا ہے جسے کبھی بھی بھلا نہیں سکوں گا، پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بدل رہا ہے، تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، کشمیریوں نے بھی وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر لبیک کہہ دیا ہے، جلد کشمیر میں خوشحالی کا آغاز ہوگا، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان ترقی کی وہ منازل طے نہیں کرسکا جو کرلینی چاہیے تھیں، وزیراعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت پر گامزن کردیا، اب محرومیوں کا ازالہ ہوگا اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقے میں نہیں گیا، پہلے کشمیری مہاجرین کے پاس آیا ہوں یہ بتانے کے لیے کہ آپ اکیلے نہیں۔ کشمیری مہاجرین جو مطالبہ کریں گے، پورا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کا رہائشی ہوں، مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے درد کو اچھی طرح سمجھتا ہوں، اپنے حلقے سے پہلے داتا کی نگری، مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے شہر، اور مہاجرین کی کالونیوں کا دورہ کیا، میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مہاجرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک سے لوٹ مار کے کھیل کو ختم کیا، اِن شاء اللہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے عین مطابق آزاد کشمیر میں بھی لوٹ مار کا خاتمہ کریں گے، لوٹ مار کے دروازے بند کریں گے اور حساب کتاب بھی تگڑا لیں گے۔