سیالکوٹ:ـ17 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے متعدد منصوبوں کا جائزہ لیا۔ سیالکوٹ میں 17ارب روپے کی لاگت سے نکاسی، فراہمی آب ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹریفک مینجمنٹ اور پارکس کی اَپ گریڈیشن کے متعددمنصوبوں پر کام جاری ہے، زیر تکمیل منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے 30اگست سے دن رات شفٹوں میں تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا اور مقررہ مدت سے پہلے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ میں ڈپٹی کمشنر بطور ڈسٹرکٹ منیجر، ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس سلسلہ میںنور الامین مینگل اور پراجیکٹ ڈائریکٹرکی ان کو بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔ نیسپاک، پیسپ اور تعمیراتی فرم ڈپٹی کمشنر سے رہنمائی لینے کے پابند ہوں گے جس سے منصوبوں کی تکمیل میں مسائل میں کمی ہوگی اور ان کے ڈیزائن سمیت دیگر مسائل کا موقع پر ازالہ ممکن ہوگا، اور ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنے سے منصوبہ اپنی مقررہ مدت سے قبل مکمل ہوگا جس سے عوام الناس کو معیاری میونسپل سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجواناں عثمان ڈار، صوبائی وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پیسپ عمر جہانگیر نے بھی اپنی تجاویز دی ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے پیسپ کے جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلقہ شکایات اور تحفظات کے ازالے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی۔ انجینئر خاور انور خواجہ، چیف انجینئر پیسپ اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ممبر ہوں گے۔ یہ کمیٹی پیسپ کے ساتھ مل کر آئندہ ایک ہفتے میں تمام منصوبوں کا تکنیکی جائزہ لے گی اور آئندہ اجلاس میں ان کو رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے سیالکوٹ میں آکر میٹنگ کریں گے اور منصوبے پر عملی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نائٹ شفٹ کے آغاز سے ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور کام کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اجلاس میں شریک نیسپاک کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی ڈیزائن اور معیار کے مطابق تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے نیسپاک ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی مشاورت سے سپروائزری اور انسپکٹنگ اسٹاف میں اضافہ کرے تاکہ منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔