فیصل آباد:حسیب ہسپتال کا منصوبہ تاخیر کا شکار

تحریک انصاف کی حکومت کو 3سال مکمل ہوگئے لیکن فیصل آباد میں کسی بھی ہسپتال کا تعمیراتی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ تفصیل کے مطابق 5 سال قبل 2016ء میں مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں حسیب شہید ہسپتال کی بنیاد رکھی گئی، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت کے اس منصوبے کو 2018ء میں مکمل ہونا تھا، لیکن 5 سال بعد بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی بلڈنگ مکمل نہ ہوسکی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تاحال 55 کروڑ روپے کے فنڈ درکار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں اب تک صرف 10 کروڑ روپے کے فنڈ ہی ہسپتال کو مل سکے ہیں، اور نامکمل بلڈنگ میں چند ڈاکٹروں کے ساتھ آئوٹ ڈور وارڈ چلایا جارہا ہے، جبکہ ہسپتال میں آپریشن تھیٹر ہے اور نہ ہی باقاعدہ ایمرجنسی سروسز موجود ہیں۔ شہری حلقوں کے مطابق ہسپتال مکمل طور پر فعال نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سول یا الائیڈ ہسپتال میں ذلیل ہونا پڑتا ہے جہاں پر ان کا قیمتی وقت ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں کئی کلومیٹر کا سفر بھی طے کرنا پڑتا ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ حکومت اس حوالے سے ایکشن لے اور ہسپتال کی تعمیر مکمل کروائے، تاکہ انہیں دیگر ہسپتالوں کی طرح یہاں بھی طبی سہولیات ملیں اور وہ اور ان کے مریض پریشانی سے بچیں۔