جمہوریہ نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیاوے نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور منسٹری آف کامرس نائیجیریا کے تعاون سے نائیجیریا میں تجارتی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سیالکوٹ کے کاروباری طبقے سے درخواست ہے کہ وہ نمائش میں حصہ لیں، اس سلسلے میں نائیجیریا حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، نائیجیریا سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی عالمی معیار کی مصنوعات کے لیے بہترین مارکیٹ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے نائیجیرین ہائی کمشنز نے کہا کہ سیالکوٹ کے مقامی صنعت کار اور مینوفیکچرر جہاں عالمی معیار کی لیدر پراڈکٹس، پورٹس گڈز اور آلاتِ جراحی پوری دنیا میں برآمد کررہے ہیں، وہیں اپنی مدد آپ کے تحت ڈرائی پورٹ اور ائیر پورٹ جیسے منصوبے مکمل کرکے قابل تقلید مثال قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشل ائیر پورٹ سے نائیجیریا کے لیے براہِ راست فلائٹ اڑان بھرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے انٹر بینک، ویزا اور دیگر بزنس سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ایف ٹی اے اور پی ٹی اے کے معاہدے کے لیے دونوں ملکوں کے منسٹری آف کامرس کے درمیان بات چیت کی ضرورت ہے، تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اعتماد کی فضا کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نائیجیریا سے تجارت کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے نائیجیرین حکومت سنجیدگی سے اصلاحات اور اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر قائم مقام صدر خرم اسلم بٹ نے سپاس نامہ پیش کیا اور نائیجیرین بزنس وفد کو سیالکوٹ آنے کی دعوت دی تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔