واٹس ایپ کے ڈیلیٹ پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرنے کا طریقہ

واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے بھیجے گئے پیغام کو 60 منٹ کے اندر ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔ صارف جب اپنے کسی دوست کو پیغام بھیج کر ڈیلیٹ کرے تو وصول کرنے والا اسے پڑھنے سے قاصر ہوتا ہے، کیونکہ اُس کے سامنے صرف ’میسج ڈیلیٹڈ‘ کا پیغام ظاہر ہورہا ہوتا ہے۔ اب ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے صارفین نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک ایسی ایپ تلاش کی جس کی مدد سے وہ ڈیلیٹ شدہ پیغامات بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اس ایپ کا نام ’وامر‘ (WAMR) ہے، جسے گوگل پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ اس ایپلی کیشن کو موبائل میں انسٹال کرنے کے بعد صارف کے پاس ایک لاگ بن جائے گا، جس میں واٹس ایپ کے تمام پیغامات محفوظ ہوں گے، اور وہ پھر اپنی مرضی سے ایپ کھول کر انہیں پڑھ سکے گا۔ وامر کی مدد سے صارف اپنے واٹس ایپ نوٹی فکیشن کو بھی ترتیب دے سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایپ انسٹال کرنے کے بعد واٹس ایپ کے پیغامات اس کے کیشے میں محفوظ ہوجاتے ہیں، جنہیں بآسانی پڑھ کر اپنی مرضی کے مطابق ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔ اس ایپ کی مدد سے تصاویر، ویڈیوز سمیت دیگر چیزیں بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔