آزاد کشمیر میں انتخابات مکمل ہوگئے ہیں مگر سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا معرکہ ہونے جارہا ہے۔ پنجاب حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنما یہاں متحرک ہیں اور عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ یہ مرحلہ بھی اسی ہفتے مکمل ہوجائے گا، اور پھر جیت ہار پر الزام تراشی اور بیان بازی شروع ہوجائے گی۔
معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ آئیں اور حسب معمول اپوزیشن کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے نواز لیگ حواس باختہ ہوکر غنڈہ گردی کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے، جعلی راجکماری نے آزاد کشمیر الیکشن میں نفرت کے جو بیج بوئے تھے اس پر عمل کرتے ہوئے گوجرانوالہ ڈویژن میں نواز لیگ کے ایم ایل اے کے امیدوار نے پوری قوم کی تضحیک کی اور الیکشن میں ناکامی پر ہندوستان سے مدد مانگنے کا بیانیہ سامنے آیا، یہ نئی بات نہیں، مریم کے پاپا نے بھی اپنے یار مودی کو بغیر کسی ڈپلومیٹک پروسیجر کے شادی میں مدعو کیا، ہمیشہ نواز لیگ نے پاکستان مخالفین کے ساتھ مل کر اپنے اقتدار کے لیے سازشیں کیں۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظل سبحانی عرف نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کے مخالفین کے ہاتھوں ربڑ اسٹیمپ ہونے کا ثبوت دیا، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے خلاف نواز لیگ کے بیانیے کو کشمیری عوام نے دفن کردیا۔ پنجاب میں بالکل پُرامن اور شفاف انتخابی عمل سے گزرتے ہوئے ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ شفاف الیکشن کروانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔33 سیٹوں پر نواز لیگ کی غنڈہ گردی دیکھنے کو ملی، ہمارے 2کارکن شہید ہوئے جن کو سرِعام گولیاں ماری گئیں۔ پیپلز پارٹی نے مخالفین کو گولیوں سے خاموش کروانے کی کوشش کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے امن کا صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کیا۔ مریم نواز لاہور سے گوجرانوالہ اور ڈسکہ کے راستے سیالکوٹ پہنچیں اور اداروں کے خلاف زہر اگلا۔ قومی مفادات سے کھلواڑ کرنے پر الطاف حسین کا حال دیکھ لیں اور اس کے انجام سے عبرت حاصل کریں، ہم نہیں چاہتے جو شخص تین دفعہ وزیراعظم بنا وہ نفرت کی علامت بنے۔ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، دشمن کے ہاتھ کھلونا بن کر نوازلیگ کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔ عوام کی اوّلین ترجیح ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے ہر پولنگ اسٹیشن پر سب سے پہلے پاکستان کا ٹھپہ لگایا ہے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت الیکشن کمیشن کی توجہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد پر دلاتی رہی۔نون لیگ نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی نہ کرنا میچ فکسنگ ہے، نواز لیگ کے الزامات مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قواعد و ضوابط بنانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی ہے، کشمیریوں کے دروازے پر ترقی اور خوشحالی نے دستک دی ہے۔ کشمیری عوام عمران خان پر اعتماد کررہے ہیں۔ عمران خان کی مقبولیت کی سروے رپورٹ تصدیق کررہی ہیں۔کشمیری عمران خان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں۔
سیالکوٹ میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔یہ شوکاز نوٹس ایل اے 36 جموں 3 کے ریٹرننگ آفیسر نے جاری کیا۔نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ ان کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حامد رضا نے شکایت درج کروائی تھی۔نوٹس کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے 48 گھنٹے پہلے جلسہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔شوکاز نوٹس میں مریم نواز کو حلقے میں نہ آنے کی ہدایت کی گئی۔