جدید ڈیجیٹل تربیتی کورس کے لیے فیس بک اور کورسیرا کا اشتراک

فیس بک کی جانب سے اگلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر تدریسی پروگرام کی منصوبہ بندی جاری ہے اور اس ضمن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے مشہور آن لائن کورس پلیٹ فارم کورسیرا سے وسیع تر اشتراک کیا ہے۔پہلے مرحلے میں دو نئے سرٹیفکیٹ کورس متعارف کرائے جائیں گے جن میں مارکیٹنگ اینیلیٹکس اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پروگرام شامل ہے۔
اس سے قبل فیس بک نے سوشل میڈیا مارکیٹنگ کورس متعارف کرایا تھا جو اب بھی بہت مقبول ہے۔ فیس بک نے کہا ہے کہ ہم طالب علموں کو تکنیکی مہارتیں فراہم کریں گے جو آسانی سے ایک سے دوسرے طالب علم تک پہنچائی جاسکیں گی۔ یہ پروگرام سیکھنے والے کی رفتار پر منحصر ہوگا، لیکن اس کا دورانیہ 20 ہفتے تک ہوگا۔ اس میں آن لائن استاد موجود ہوگا اور پروجیکٹ کی بدولت کورس آگے بڑھے گا۔ فیس بک نے یہ بھی کہا ہے کہ ملازمت میں مددگار مزید کورس متعارف کروائے جائیں گے لیکن ترجیحاً وہ کورس پیش ہوں گے جن کا غیرمعمولی مطالبہ کیا جارہا ہے۔ فیس بک اپنے کورسز دنیا بھر کے ایسے لوگوں تک پہنچانے کا خواہش مند ہے جو مختلف پس منظر اور آمدنی کے گروہوں سے تعلق رکھتے ہیں۔