وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ہر ہفتے فیصل آباد میں عوامی رابطہ کچہری لگاتے ہیں۔ ان کا دورۂ فیصل آباد اب شہر کی سیاسی سرگرمیوں کا ایک اہم باب بن چکا ہے۔ تحریک انصاف کے نوجوان رہنما ہیں، تاہم انہیں آئندہ عام انتخابات میں اپنے ہی خاندان میں سے ایک بڑا چیلنج درپیش ہوگا۔ فیصل آباد ان کا آبائی شہر ہے، ہفتے کے اختتام پر جب وہ یہاں آتے ہیں تو شہر کے ہر طبقۂ فکر سے رابطہ کرتے ہیں۔ اِس بار انہوں نے گیسٹ ہائوس میں محفل سجائی اور سیاسی امور کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز پر کڑی تنقید کی کہ مریم صفدر ہر جلسے میں 25 مرتبہ عمران خان کا نام تو لیتی ہیں، اپنے چچا مودی اور آر ایس ایس کا نام کیوں نہیں لیتیں؟ وہ حریت قیادت کی گرفتاری، مقبوضہ کشمیرکی آئینی حیثیت کی تبدیلی اور مظالم پر کیوں خاموش ہیں؟ انہوں نے آموں اور ساڑھیوں کے تحفے قبول کیے ہوئے ہیں، لاڑکانہ جاتی ہیں تو بختاور اور آصفہ کی طرح زرداری کی بیٹی بن جاتی ہیں، آج کل کشمیر میں کشمیر کی بیٹی بنی ہوئی ہیں۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے مہنگائی پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اپنے محصولات میں کمی کررہی ہے، پیٹرولیم لیوی میں بتدریج کمی کی جارہی ہے، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بڑھتا ہوا بوجھ عوام پر کم سے کم ڈالنے کے لیے پیٹرولیم لیوی صفر کردی ہے۔
آج کل برسات کا موسم ہے اور ہر سال اِن دنوں میں بوسیدہ، پرانی اور خستہ حال عمارتیں منہدم ہوتی ہیں۔ ایسے واقعات اب بھی پیش آرہے ہیں۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ عمارات گرنے اور الیکٹرک شاک ایمرجنسیز کا ڈیٹا جولائی 2021ء کے پہلے 16 دن کا ہے جس کے تحت فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں اب تک جولائی میں 51 عمارات گرنے کے حادثات پہ ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں، جبکہ فیصل آباد میں 11 عمارات گرنے کے واقعات ہوئے ہیں جن میں 91 لوگ زخمی اور 8 کی اموات ہوئیں۔حکومت بار بار توجہ دلاتی ہے کہ عوام مون سون میں اپنے گھر اور چھت کی ضرور مانیٹرنگ کریں، بارش کے دوران الیکٹرک پول، گیلے سوئچز سے دور رہیں، کیونکہ احتیاطی تدابیر سے حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
جماعت اسلامی بھی شہرکی ایک بڑی سیاسی قوت ہے۔ الخدمت فائونڈیشن نے اس بار بھی قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ یہ کھالیں مستحق افراد کی مالی امداد کے لیے اکٹھی کی جاتی ہیں۔
جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردارظفرحسین خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے شکست کے بعد امریکہ اب کسی اور ملک پر حملے کی جرأت نہیں کرے گا۔ پوری قوم کی خواہش ہے کہ افغان عوام ملک میں امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات کریں۔ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ صرف افغان عوام کو کرنے کا حق ہے، کوئی بھی دوسرا ملک اس میں مداخلت سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کا باہمی انتشار اور فرقہ وارانہ اختلاف پوری امت کے لیے روگ بن گیا ہے۔ عالمِ اسلام کشمیر، فلسطین، افغانستان میں عوامی امنگوں کا ترجمان اور پاسبان بن جائے تو یمن، لیبیا، شام، روہنگیا کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔ مسلم ممالک کی سیاست اور اقتدار کی جو بھی صورتِ حال ہو، عالمِ اسلام کے مسائل حل کرنے پر اتحاد و وحدت ہی مسلمانوں کے لیے باعثِ اطمینان ہوگی، دعاہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور افغانستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور امت ِمسلمہ کو اس کا عظیم ماضی واپس دے۔