فیصل آباد: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ملک کی 5 بہترین جمامعات میں شامل

قیام پاکستان کے بعد میاں عبد الغنی اور میاں عبدالباری نے فیصل آباد (تب لائل پور) میں تعلیم کے شعبے میں بے پناہ کام کیا، مسلم ہائی اسکول کی بنیاد رکھی، پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کیپٹن سرور شہید نے مسلم ہائی اسکول میں ہی تعلیم حاصل کی تھی۔ اسی تنظیم نے یہاں مسلم یتیم خانہ تعمیر کیا، جس میں یتیم مہاجرین کو پناہ دی گئی۔ فیصل آباد میں زرعی کالج جسے اب زرعی یونیورسٹی کہا جاتا ہے پہلا بڑا تعلیمی ادارہ تھا۔ اس کے علاوہ اسلامیہ کالج، خالصہ کالج اور گورنمنٹ کالج دوسرے بڑے تعلیمی ادارے تھے۔ ان کالجوں نے پاکستان ہاکی کو بہت اچھے کھلاڑی دیے ہیں۔ رائو سلیم ناظم، قیصر اقبال، شہباز سینئر، خالد بشیر، رشید الحسن، احسان اللہ جیسے اولمپین، ظفر اقبال، عبدالخالق جیسے ہاکی کے قومی کھلاڑی انہی تعلیمی اداروں سے نکلے ہیں۔ ان کالجوں میں صرف گورنمنٹ کالج نے بہتری کی جانب قدم بڑھایا اور یونیورسٹی کا درجہ پایا ہے۔ یہ فیصل آباد کے شہریوں کے لیے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ فیصل آباد کی تاریخی درس گاہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے اپنے قیام کے بہت کم عرصے میں پاکستان کی 5 بہترین یونیورسٹیوں میں شمولیت حاصل کرکے ایک بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹائمز رینکنگ کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس وقت ملک بھر کی 5 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہے کیونکہ جی سی یونیورسٹی میں معیار تحقیقی کو فروغ دیا جارہا ہے جبکہ قابل فیکلٹی اراکین کو دنیا بھر سے جامعہ میں تدریسی امور کے لیے ہائیر کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے جارہے ہیں جس کا تمام تر سہرا جی سی یونیورسٹی کے سربراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال اور ان کی فیکلٹی ٹیم کے سر ہے جو شبانہ روز انتھک محنت اور لگن سے جی سی یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لیے خصوصی کاوشیں کررہے ہیں۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے اب فیصل آباد سے باہر نکل کر ضلع چنیوٹ میں بھی قدم جمانے کا میگا پلان تشکیل دیا ہے، کیونکہ چنیوٹ میں جی سی یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے اور وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال کی خصوصی دلچسپی سے تعمیراتی کاموں کے لیے ٹینڈرز کے بعد چنیوٹ کیمپس کی تعمیر کے لیے ورک آرڈر بھی جاری کردیا گیا ہے، اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے چنیوٹ کیمپس کی تعمیر کا باضابطہ طور پر آغاز کردیا جائے گا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے چنیوٹ کیمپس کی تعمیر کے لیے 65 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور ورک آرڈر جاری ہونے کے بعد چنیوٹ کیمپس میں تعمیراتی کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں کیمپس کی چار دیواری، طلبہ و طالبات کے لیے اکیڈمک بلاکس، انتظامی افسران اور اسٹاف کے لیے ایڈمن بلاک، لیبارٹریز، لائبریری سمیت دیگر عمارتوں کی تعمیر کی جائے گی، اور بہت جلد تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کہتے ہیں کہ پاکستان کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہونا فیصل آباد اور جی سی یونیورسٹی کے لیے ایک قابلِ فخر کارنامہ ہے، لیکن اب ہم اس سے آگے کی سوچ رہے ہیں، اور اب جی سی یونیورسٹی کو دنیا بھر کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کروانا میرا مشن ہے جس کے لیے عملی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی سی یونیورسٹی میں تحقیقی کام کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور تحقیق میں معیار پیدا کیا جارہا ہے، تاکہ آنے والی نسل اس تحقیق سے استفادہ کرسکے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بیرونی ممالک کے قابل اور ماہر اساتذہ کو یہاں تعینات کیا جارہا ہے، ہم اپنا مقرر کردہ ہدف ان شاء اللہ ضرور حاصل کریں گے۔
فیصل آباد میں ایک بڑی پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں کو باجماعت نماز کی ادائیگی اور نمازِ فجر کے بعد 30منٹ تک قرآن پاک کی تلاوت لازمی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ ضلع فیصل آباد ملک محمد امین کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق تمام دن موبائل فون پر سوشل میڈیا پر مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے نماز کی ادائیگی اور تلاوتِ قرآن پاک میں کوتاہی ہوتی ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولنگ پولیس کے افسران اور اہلکار پانچ وقت باجماعت نماز اور روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کو یقینی بنائیں تاکہ اللہ کی رحمتیں اوربرکتیں ، اور دنیاوآخرت کی کامیابیاں حاصل ہو سکیں۔