سائیڈ لوڈنگ ایپلی کیشنز صارفین کے لیے خطرہ ہیں، ایپل کارپوریشن

ایپل کا دعویٰ ہے کہ ڈویلپرز کو ایپل کے آفیشل ایپ اسٹور سے باہر ایپس ڈسٹری بیوٹ کرنے کی اجازت دینے سے اس کے صارفین کو شدید سیکورٹی خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایپل کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کمپنی نام نہاد سائیڈ لوڈنگ ایپلی کیشنز کو اجازت دینے کے سخت خلاف ہے جس سے صارفین کو رینسم ویئر اور مالیاتی دھوکہ دہی کے ساتھ ساتھ دیگر سیکورٹی خدشات کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔ ایپل کا یہ بیان اُس وقت آیا ہے جب اسے ریگولیٹرز اور ڈویلپرز کی جانب سے ایپ اسٹور کے حوالے سے سخت دباؤ کا سامنا ہے، اور کمپنی کو Epic گیمز کمپنی کے ساتھ ہونے والی قانونی جنگ کے نتائج کا انتظار ہے، جس میں گیمز اسٹوڈیوز نے ایپل کی جانب سے غلط شرائط و ضوابط کا الزام عائد کر رکھا ہے۔
Epic گیمز نے مسابقتی اسٹور فرنٹ تخلیق کرنے کے لیے کوئی راز نہیں رکھا ہے، لیکن ایپل اپنے ایپ اسٹور پر تھرڈ پارٹی ایپ اسٹورز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اس کے علاوہ ایپل اپنی ایپ اسٹور پالیسیوں پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ میں زیر تفتیش ہے، اور متعدد ڈویلپرز گزشتہ ایک سال سے نام نہاد ’ایپل ٹیکس‘ کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
اسی نوعیت کے الزامات کا سامنا ایپل کے بڑے حریف گوگل کو بھی ہے، جس کے Epic گیمز کے ساتھ معاملات خراب ہیں، جب کہ ایپل کو اس بات پر بھی تحفظات لاحق ہیں کہ ڈیجیٹل مارکیٹس کے لیے آنے والی یورپی یونین کی ریگولیشنز، ایپل پر سائیڈ لوڈنگ ایپ کو فعال کرنے کا دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ ایپل کی اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سائیڈ لوڈنگ ایپس کی اجازت دینے سے آئی او ایس پلیٹ فارم کی سیکورٹی کم ہونے سے صارفین کو سیکورٹی کے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور ہیکرز یا اسکیمرز ان ایپس کا غلط استعمال کرتے ہوئے صارفین کو گمراہ اور آئی فون کی سیکورٹی فیچرز اور پرائیویسی کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں۔